اسلام آباد: پاکستانی جیلوں میں 319 ہندوستانی قیدی ہیں۔ دوطرفہ معاہدے کے مطابق ہندوستان کے ہائی کمیشن کو جمعہ کے روز عمران حکومت کی جانب سے ان قیدیوں کی فہرست یہاں سونپ دی گئی۔ اس فہرست میں 270 ہندوستانی ماہی گیر بھی شامل ہیں۔
پاکستان کے دفتر خارجہ نے کہا کہ یہ اقدام پردونوں ممالک کے مابین 21 مئی 2008 کو دستخط کیے گئے سفارتی رسائی کے معاہدے کی دفعات کے مطابق یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔
دفتر خارجہ نے کہا ،حکومت پاکستان نے اسلام آباد میں ہندوستانی ہائی کمیشن کو پاکستان میں (جیلوں میں) رکھے 49 عام شہریوں اور 270 ماہی گیروں سمیت 319 ہندوستانی قیدیوں کی ایک فہرست حوالے کی۔
دفتر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ اس کے جواب میں ، ہندوستانی حکومت نے بھی فوری طور پر 340 پاکستانی قیدیوں کی ایک فہرست نئی دہلی میں پاکستان ہائی کمیشن سے شیئر کی جنہیں ہندوستان میں قید رکھا گیاہے۔ان میں 263 عام شہری اور 77 ماہی گیر شامل ہیں۔
دونوں ممالک معاہدے کے تحت سال میں دو بار ، ایک جنوری اور ایک جولائی کو ایک دوسرے کی جیلوں میں قید لوگوں کی فہرست کاتبادلہ کرتے ہیں۔ گذشتہ کئی سالوں میں دونوں ممالک کے مابین پیدا ہونے والے تناو¿ کے باوجود ، قیدیوں کی فہرست کے تبادلے کا عمل بلا روک ٹوک جاری ہے۔
