برسبن: راہل دراوڑ ثانی چتیشور پجارا کی صبر آزما اننگز ،رشبھ پنت اور شبھمن گل کی شاندار ہاف سنچریوں کی بدولت ہندوستان نے آسٹریلیا کو شکست دے کر چار ٹیسٹ میچوں کی سریز 2-1سے جیت لی۔
قابل ذکر ہے کہ آسٹریلیا کو اسی کی سرزمین پر شکست دے کر ہندوستان نے نہ صرف ربر پر اپنا قبضہ برقرار رکھا بلکہ ریگولر کپتان وراٹ کوہلی ، میچ وننگ آل راؤنڈرز روی چندر اشون اور رویندر جڈیجہ، میچ وننگ فاسٹ بولرز جسپریت بمرا اور محمد شامی کی عدم موجودگی کے باوجود ناتجربہ کار کھلاڑیوں کی مدد سے آسٹریلیا جیسی قد آور ٹیم کو اسی کی سرزمیں پر شکست دے کر عالمی ٹیسٹ چمپین شپ کی جانب شاندار پیش قدمی بھی جاری رکھی۔
آسٹریلیا نے 328 رنز کا ہدف دیا جسے ہندوستان نے بڑے منصوبہ بند طریقے سے آخری دن کے کھیل کے آخری لمحات میں سات وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا۔ اس میچ خاص طور پر دوسری اننگز کی نہایت اہم بات ہندوستان کے ہر بلے باز کا آسٹریلیا کے لیے آخری لمحوں تک میچ کو اعصاب شکن بنائے رکھنا رہی ۔
اس اننگز میں شبھمن گل نے 146گیندوں پر 8چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے91، رشبھ پنت نے 138گیندوں پر 9چوکوں اور یک چھکے کے ساتھ ناقابل شکست 89، چتیشور پجارا نے 211گیندوں پر 7چوکوں کی مدد سے56، کپتان اجنکیا رہانے نے 22گیندوںپر ایک چوکے اور ایک ہی چھکے کی مدد سے24اور واشنگٹن سندر نے 29گیندوں پر 22رنز بنائے اور اس کے لیے انہوں نے دو چوکے اور ایک چھکا لگایا۔
آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز4وکٹ لے کر کامیاب بولر رہے ۔ناتھن لیون کو دو اور ہیزل ووڈ کو ایک وکٹ ملی۔ اس میچ کی خاص بات یہ رہی کہ ٹیم انڈیا کے ہر بلے باز اور بولر نے ضرورت پڑنے پر اپنا کردار بخوبی نبھایا ۔جس کی وجہ جب پہلی اننگز میں آسٹریلیا کے اسکور 369کے جواب میں ٹیم انڈیا جوابی اننگز زبردست خسارے کے ساتھ ختم کرنے کے دہانے پر تھی کہ آل راؤنڈر واشنگٹن سندر اور بولر شردل ٹھاکر نے منجھے ہوئے بلے بازوںکی مانند محتاط انداز سے بلے بازی کرتے ہوئے ہاف سنچریاں بنانے کے ساتھ سنچری پارٹنر شپ کر کے خسارہ آٹے میں نمک برابر کر دیا۔
اور جب آسٹریلیا کی دوسری اننگز میں مارنوس لابوچاگنے اور اسٹیو اسمتھ آسٹریلیا کو ایک بڑی سبقت دلانے کی جانب لے جاتے دکھائی دے رہے تھے تو فاسٹ بولر محمد سراج نے اپنے 8ویں اوور کی دوسری اور آخری گیند پر لابوچاگنے اور ایک اور خطرناک بلے باز میتھیو ویڈ کو پویلین کی راہ دکھانے کے بعد اسمتھ کو بھی اپنے 13ویں اوور کی دوسری گیند پر رہانے کے ہاتھوں گلی میں کیچ آؤٹ کراکے آسٹریلیا کو ایک بڑی سبقت حاصل کرنے کی راہ سے بھٹکا دیا اور پھر شردل ٹھاکر نے محمد سراج کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے 400سے زائد کی برتری حاصل کرنے کی آسٹریلیائی کوششوں کو ٹائیں ٹائیں فش کر دیا ۔
محمد سراج نے5وکٹ لیے۔ یہ ان کے ٹیسٹ کیریر کی پہلی سریز اور تیسرا ہی ٹسٹ میچ تھا۔ اس سریز میں مجموعی طور پر انہوں نے 13وکٹ لیے۔اور ہندوستان کی طرف سے کامیاب ترین بولر رہے۔رشبھ پنت کو مین آف دی میچ اور پیٹ کمنز کو مین آف دی سریز قرار دیا گیا۔
