Patna Sahib: 354th Prakash Parv celebrations of Shri Guru Gobind Singh Ji Maharaj

نئی دہلی: ملک گیر پیمانے پر سکھوں کے دسویں گورو باباسری گوبند سنگھ جی مہاراج کا 354 و واں یوم پیدائش یعنی پرکاش پرب مذہبی عقیدت اور جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔

اصل تقریب کا اہتمام بہار کے دارالخلافہ پٹنہ صاحب میں، جو گرو گوبند سنگھ کی جائے پیدائش ہے، واقع تخت شری ہرمندرصاحب گوردوارہ میں کیا گیا ہے اس موقع پر وہاں ملک کے مختلف حصوں سے ہزاروں عقیدتمند نذرانہ عقیدت پیش کرنے اور متھا ٹیکنے پہنچے ۔1666 میں پٹنہ صاحب میں پیدا ہونے والے گورو گوبند سنگھ دسویں سکھ گورو تھے۔

انہوں نے محض نو سال کی عمر میں اپنے والد گورو تیغ بہادر جی مہاراج سے سکھوں کے رہنما کے طور پر باگ ڈور سنبھالی تھی۔ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے گورو گوبند سنگھ کے پرکاش پرب کے مقدس موقع پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ اپنے پیغام میں کووند نے کہا ہے کہ انکی زندگی انسانیت، مساوات کی ترویج اور سب کی شمولیت کیلئے تحریک رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گورو گوبند سنگھ صرف ایک روحانی پیشوا نہیں بلکہ وہ ایک مجاہد تھے جو عظیم قربانی کے وقت بھی اصولوں پر قائم رہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے بھی گورو گوبند سنگھ کو یہ کہتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا کہ ان کی زندگی انصاف پر مبنی اور سب کی شمولیت والے معاشرے کے قیام کے لئے وقف تھی۔ مودی نے کہا کہ گوروجی اپنے اصولوں پر مضبوطی کے ساتھ قائم رہے۔

مودی نے گورو گوبند جی کو سکھ مذہب کا علمبردار قرار دیتے ہوئے کہا کہ گوروجی کی تعلیمات آج کے دور میں بھی ناہیت اہمیت کی حامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کی تعلیمات پر عمل پیراہونے سے لوگ حقیقی ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو سکتے ہیں۔

وزیر اعلیٰ بہار نے بھی گوردوارہ پٹنہ صاحب جا کر گورو کے دربار میں متھا ٹیکا ۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کا پوشاک،سروپا اور تلوار کا ہدیہ دے کر استقبال کیا گیا۔پٹنہ صاحب کی طرح جموں و کشمیر سمیت ملک کے دیگر حصوں میں گوبند سنگھ جی کا پرکاش پرب بڑے جوش و خروش سے منایا گیا۔

جموں میں اس موقع پر سب سے بڑا سماگم گوردوارہ سری گورو نانک دیو جی مہاراج کی چاند نگری میں منعقد ہوا جس کا اہتمام ضلع گوردوارہ پربندھک کمیٹی جموں و سکھوں کی دیگر تنظیموں کے اشتراک سے کیا گیا۔