Jailed in Pakistan for 18 years, Hasina Begum returns to India

اورنگ آباد:(اے یوایس) 18 سال پہلے اپنے شوہر کے رشتہ داروں سے ملنے کیلئے پاکستان گئی 65 سالہ حسینہ بیگم اب ہندوستان لوٹ آئی ہیں۔ وہاں پاسپورٹ کھو جانے کے بعد انہیں اپنی شناخت کا ثبوت پیش کرنے کے لیے نہایت خوفناک مراحل سے گذرنا پڑا اور 18 سال تک لاہور کی جیل میں قید رہیں۔

اورنگ آباد پولیس کی جانب سے گمشدہ افراد کی رپورٹ داخل کرنے کے بعد ان کے کیس کی تحقیقات شروع ہوئی جس کے بعد معاملہ پاکستان بھیج دیا گیا ۔جس کے بعد وہ ہندوستان لوٹ آئیں۔

اورنگ آباد پہنچنے پر پر ان کے رشتہ داروں اور مقامی پولیس اہلکاروں نے حسینہ بیگم کا استقبال کیا۔ہندوستان آنے کے بعد حسینہ بیگم نے کہا کہ میں کافی مشکلات سے گزری اور اپنے ملک لوٹنے کے بعد مجھے سکون کا احساس ہورہا ہے۔

مجھے لگ رہا ہے کہ جیسے میں جنت میں ہوں۔ مجھے پاکستان میں زبردستی قید کرلیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں رپورٹ درج کرنے کیلئے اورنگ آباد پولیس کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔حسینہ بیگم کے ایک رشتہ دار خواجہ زین الدین چشتی نے اورنگ آباد پولیس کو بھی ان کو ملک واپس لانے میں مدد کرنے کیلئے شکریہ ادا کیا۔

پولیس سے موصولہ جانکاری کے مطابق اورنگ آباد کے سٹی چوک تھانہ علاقہ کے تحت آنے والے راشد پور کی رہنے والی بیگم کی شادی اترپردیش کے سہارنپور کے رہنے والے دلشاد احمد سے ہوئی تھی۔حسینہ بیگم نے پاکستان میں عدالت سے اپیل کی کہ وہ بے قصور ہے جس کے بعد عدالت نے اس معاملہ میں جانکاری طلب کی۔

اورنگ آباد پولیس نے پاکستان کو اطلاع دی کہ بیگم کے نام پر اورنگ آباد میں سٹی چوکی تھانہ کے تحت راشد پورہ علاقہ میں ایک گھر رجسٹرڈ ہے ۔جس سے ان کی رہائی کی راہ ہموار ہو گئی اور پاکستان نے گزشتہ ہفتہ بیگم کو رہا کردیا اور اس کو ہندوستانی افسران کے سپرد کردیا۔