اسلام آباد: (اے یو ایس ) حکومتِ پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ وہ آکسفورڈ یونیورسٹی اور ایسٹرازینیکا کی تیارکردہ کورونا ویکسین کی ایک کروڑ 70 لاکھ خوراکیں حاصل کرے گی۔ یہ ویکسین عالمی ادارہ صحت کے ‘کوویکس’ پروگرام کے تحت پاکستان کو ملیں گی۔ادھر چین کی جانب سے عطیہ کی جانے والی ویکسین کی پانچ لاکھ خوراکیں لے کر پاکستان ایئر فورس کا طیارہ اسلام آباد پہنچ گیا۔
ابتداً یہ ویکسین طبی عملے اور فرنٹ لائن ورکرز کو لگائی جائے گی۔وزیرِ اعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران ویکسین کی 70 لاکھ خوراکیں مل جائیں گی جب کہ باقی ماندہ خوراکیں دوسری سہ ماہی کے اختتام تک دستیاب ہوں گی۔ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ رواں ہفتے پاکستان میں ویکسی نیشن پروگرام کا آغاز ہو جائے گا۔
پاکستان میں مجموعی طور پر کرونا وبا کنٹرول میں ہے۔ تاہم ملک میں اب تک پانچ لاکھ 46 ہزار سے زائد کیس جب کہ 11 ہزار 683 اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔دریں اثنا موصول اطلاع کے مطابق ملک میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے شکار مزید 26 مریض دم توڑ گئے جب کہ ایک ہزار 615 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں عالمی وبا سے ہلاکتوں کی کل تعداد 11 ہزار 683 ہو چکی ہے اور اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد پانچ لاکھ 46 ہزار سے زیادہ ہے۔پاکستان میں کورونا کے شکار 2092 مریضوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے جب کہ پانچ لاکھ ایک ہزار سے زیادہ مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔
