نئی دہلی: معتبر ذرائع سے موصول اطلاع کے مطابق مرکزی حکومت نے کہا ہے کہ پورے ملک میں این آر سی (NRC) نافذ کرنے کا معاملہ فی الحال زیر غور نہیں ہے ۔ حکومت نے منگل کو راجیہ سبھا میں اس کی اطلاع دی۔
انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق، قومی آبادی رجسٹر این آ پی آر اور مردم شماری سے متعلق تشویشات کے سلسلے میں وزارت داخلہ کی پارلیمانی کمیٹی کی سفارشات کے جواب میں حکومت نے کہا ہے کہ مردم شماری میں جمع کی گئی سبھی ذاتی سطح کی جانکاری خفیہ ہے۔
مردم شماری میں مختلف انتظامی سطحوں پر صرف جمع شدہ اعداد وشمار جاری کئے جاتے ہیں۔ پہلے کی مردم شماری کی طرح عوام کے درمیان مناسب بیداری پیدا کرنے کے لئے وسیع تشہیری اقدامات کئے جائیں گے تاکہ مردم شماری کو کامیابی سے مکمل کیا جا سکے۔
