لکھنؤ:(اے یو ایس)پرگتی شیل سماج وادی پارٹی (پرسپا)کے قومی صدر شیوپال سنگھ یادو نے ملائم سنگھ یادو کی سماج وادی پارٹی سے اتحاد کرنے کے حوالے سے ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ وہ سماجوادی پارٹی کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو سے بغیر کسی شرط کے اتحاد کرنے تیار ہیں۔
شیوپال نے کہاکہ کچھ لوگ نہیں چاہتے کہ ان کے اہل خانہ میں اتحاد ہو۔لیکن وہ پھر بھی2022ودھان سبھا انتخابات کے لئے بغیر شرط کے اکھلیش یادو کے ساتھ گٹھ بندھن کو تیار ہیں۔معلومات کے مطابق ایک پرائیویٹ پروگرام میں حصہ لینے کے بعد شیوپال یادو نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بی جے پی پر کڑی تنقید کی ۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی سرکار کارپوریٹ گھرانوں کے دباﺅ میں کسانوں کے ساتھ نا انصافی کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ زرعی قوانین کے نافذہونے کے بعد کسان اپنے کھیتوں میںمزدور بن کر رہ جائے گا۔
اس کے ساتھ ہی پر سپا کے قومی صدر نے اشاروں ہی اشاروں میں راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ رام گوپال یادو کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ اہل خانہ میں سمجھوتہ نہیں ہونے دینا چاہتے۔
