Forty eight properties sealed within 3 days in Saudi Arabia for not following coronavirus guidelines

ریاض (اے یو ایس ) سعودی عرب میں حکام نے انسداد کرونا کے حوالے سے وضع کردہ ایس اوپیز کی خلاف ورزی کرنے والے افراد اور املاک کے خلاف سخت کارروائی شروع کی ہے۔ سعودی عرب کی الجوف گورنری اور اس کے اطراف میں پولیس نے تین روز میں کرونا ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والی 48 املاک کوسیل کر دیا۔

سیکیورٹی فورسز اور محکمہ صحت کی مشترکہ ٹیموں کے فیلڈ گشت کے دوران کئی دکانوں، کیفے اور ہوٹلوں کو کرونا کے حوالے سے وضع کردہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سیل کیا گیا اور ان کے مالکان کو جرمانے کیے گئے۔

الجوف گورنری کے ترجمان عمر الحموان نے بتایا کہ تین روز میں طبی اور سیکیورٹی ٹیموں نے 339 مانیٹرنگ دورے کیے۔ اس دوران 83 افراد کو کرونا اصولوں کی خلاف ورزی کرنے، ماسک نہ پہننے، گاہکوں کا ٹمپریچر چیک نہ کرنے اور ‘توکلنا’ ایپ استعمال نہ کرنے والوں پر بھاری جرمانے کیے گئے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ حکومت کرونا ایس اوپیز پر سختی کے ساتھ عمل درآمد کرائے گی اور کسی کے ساتھ کوئی نرمی اور رعایت نہیں برتی جائے گی۔