نئی دہلی: ملک کی پانچ ریاستوں میں کورونا انفیکشن کے بڑھتے معاملوں کے پیش نظر کئی ریاستی حکومتوں نے سخت اقدامات اٹھانے شروع کردیئے ہیں۔ دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ نے بھی مدھیہ پردیش، مہاراشٹر، کیرل، چھتیس گڑھ اور پنجاب سے دہلی آنے والوں کے لئے اب آرٹی – پی سی آر کی نگیٹیو رپورٹ دکھانا لازمی کر دیا ہے۔
یہ نیا قانون 26 فروری یعنی جمعہ کی نصف شب سے نافذ ہو جائے گا اور 15 مارچ دوپہر 12 بجے تک نافذ رہے گا۔ واضح رہے کہ ان پانچ ریاستوں سے دہلی آنے والے ہر شخص کی رپورٹ 72 گھنٹے سے زیادہ پرانی نہیں ہونی چاہئے۔ یعنی آپ اگر ان ریاستوں سے دہلی آرہے ہیں تو ہر حالت میں آپ کی رپورٹ نگیٹیو ہونی چاہئے۔ اگر آپ کے پاس 72 گھنٹے سے پہلے کی نگیٹیو رپورٹ ہے تو بھی آپ کی انٹری دہلی میں نہیں ہوگی یا پھر کوارنٹائن کیا جاسکتا ہے۔
دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ (ڈی ڈی ایم اے) اس سے متعلق احکامات جاری کرنے جارہی ہے۔واضح رہے کہ مدھیہ پردیش، مہاراشٹر، کیرل، چھتیس گڑھ اور پنجاب میں کورونا معاملے تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔
