نئی دہلی: ہندوستان۔ چین بارڈر(ایل اے سی)پر تقریباً 11 ماہ تک تنا ؤ برقرار رہا، لیکن اب دونوں ممالک کی فوجیں باہمی معاہدے کے بعد مشرقی لداخ میں پیچھے ہٹ رہی ہیں۔ کچھ عرصے سے ، چین کے تیو ر بدلے بدلے سے نظر آرہے ہیں۔ پہلے ایل اے سی سے پر معاہدہ اور اب برکس کانفرنس میں ہندوستان کی حمایت۔ پیر کے روز ، چین نے اس سال ہندوستان کی جانب سے برکس کانفرنس کے انعقاد کی حمایت کی۔
چین نے کہا کہ وہ پانچ ابھرتی ہوئی معیشتوں کی تنظیم برکس میں تعاون کو مستحکم کرنے کے لئے نئی دہلی کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔ وہیں، کہا جارہا ہے کہ اگر اگلے چند مہینوں میں کورونا وائرس وبا پر قابو پالیا گیا تو چین کے صدر شی جنپنگ ہندوستان کا دورہ کرسکتے ہیں اور اس دوران وہ وزیر اعظم نریندر مودی سے بھی مل سکتے ہیں۔
چین نے برکس کانفرنس کے لئے ایک ایسے وقت میں ہندوستان کی حمایت کی ہے جب اس کی فوج ایل اے سی پر اپنے قدم پیچھے کھینچ رہی ہے۔ تاہم ، ہندوستان چین کے اس قدم پر گہری نگاہ رکھے ہوئے ہے کیونکہ ابھی ڈریگن پر بھروسہ کرنا جلد بازی ہوگا۔ وہیں ، خبر ہے کہ چین کی جانب سے براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری(ایف ڈی آئی) تجاویز کی منظوری کا گذشتہ نو ماہ سے رکا ہوا عمل اب دوبارہ شروع ہو گیا ہے۔حالانکہ ابھی صرف چھوٹے مقدمات کی منظوری دی جارہی ہے۔ چین نے پیر کے روز کہا ہے کہ وہ پانچ ابھرتی ہوئی معیشتوں کی تنظیم برکس میں تعاون کو مستحکم کرنے کے لئے نئی دہلی کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔
واضح رہے کہ اس سال برازیل ، روس ، ہندوستان ، چین ، جنوبی افریقہ کی تنظیم ہندوستان برکس کی صدارت کرے گا۔ برکس کی سالانہ کانفرنس کی میزبانی کے لئے ہندوستان تیاری کر رہا ہے۔ 19 فروری کو ، وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے نئی دہلی میں سشما سوراج بھون میں برکس سیکرٹریٹ میں ہندوستان کی برکس -2021 ویب سائٹ کا آغاز کیا تھا۔
رواں سال ہندوستان کی جانب سے برکس کی صدارت سنبھالنے کے سوال پرچینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بین نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ بیجنگ نئی دہلی کے زیر اہتمام سربراہی اجلاس کے انعقاد کی حمایت کرے گا۔وانگ نے کہا کہ برکس اب بین الاقوامی امور میں ایک مثبت ، مستحکم اور تخلیقی قوت ہے۔ وانگ نے کہا کہ ہم اس سال کانفرنس کی میزبانی کے لئے ہندوستان کی حمایت کریں گے اودیگر ممبروں کے ساتھ بات چیت کو مستحکم کرنے ، تعاون کے تین ستون کو مستحکم کرنے ، برکس کے تحت مزید پیشرفت کرنے اور برکس پلس تعاون کو بڑھانے کے لئے کووڈ – 19 کو شکست دینے ، معاشی ترقی کی بحالی اور عالمی گورننس کو بہتر بنانے میں کام کریں گے۔
