نئی دہلی: آسام کی سیاست میں کنگ میکر کہلانے والے ہنگراما مو ہیلاری کی”بوڈو پیپلز فرنٹ“کانگریس قیادت والے اتحاد میں شامل ہو گئی ہے۔ آسام حکومت میں بی پی ایف تکنیکی طور پر اسمبلی کی میعاد ختم ہونے تک وہ بی جے پی حکومت میں شامل تھی لیکن اس نے ہفتے کے روز اچانک ہی کانگریس قیادت والے اتحاد میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کردیا۔
آسام میں 2005 کے بعد سے اب تک پچھلے تین اسمبلی انتخابات میں ، بوڈو پیپلز فرنٹ کا جس سے بھی اتحاد میں رہا ہے اسے ہی کامیابی ملی ہے۔ ہنگراما محیلری کی زیرقیادت بی پی ایف نے 2016 کے آسام اسمبلی انتخابات میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ لیکن اب وہ ایک بار پھر کانگریس اتحاد میں واپس آگئی ہے۔ خبر رساں ادارے اے یو ایس کے مطابق بوڈو لینڈ پیپلز فرنٹ کے صدرہنگر اما موہیلاری نے کہا کہ اب ہماری بی جے پی سے کوئی دوستی نہیں۔
ہم آسام میں امن اتحاد اور ترقی کے لیے کام کریں گے۔ ایک مستحکم حکومت لائیں گے۔ یہ حکومت کرپشن سے پاک ہوگی۔ انہوں نے فیس بک پر اپنا بیان دیتے ہوئے کہا کہ بوڈو لینڈ پیپلز فرنٹ نے کانگریس اتحا د میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ اس اتحاد کو مضبوط بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کے بعد آسام میں کانگریس کا اقتدار یقینی ہے۔ آسام میں کانگریس مہم کمیٹی کے چیرمین پردیت بوڈولی نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ بوڈو لینڈ پیپلز فرنٹ ہمارے ساتھ ہوگئی ہے۔
قبل ازیں بی جے پی نے کہا تھا کہ وہ اسمبلی انتخابات میں اپنی موجودہ حلیف پارٹی بوڈو لینڈ پیپلز فرنٹ سے کوئی اتحاد نہیں کرے گی۔ بی جے پی اور بوڈو لینڈ پارٹی میں اختلافات حالیہ منعقدہ بوڈو لینڈ علاقائی کونسل انتخابات کے دوران پیدا ہوئے تھے۔
