سہارنپور: بھارتیہ کسان یونین کے ترجمان راکیش ٹکیت نے کہا کہ بی جے پی قائدین گاو¿ں گاو¿ں گھوم رہے ہیں۔ کیا وہ لوگوں کے لئے اپنی پنشن چھوڑ یں گے ؟ لوگوں نے تو اپنے گیس سلنڈروں پر سبسڈی اور فوجیوں نے اپنی پنشن چھوڑ دی۔ٹکیت نے یہ بات سہارنپور میں مہا پنچایت سے خطاب کرنے سے پہلے شاملی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ تینوں زرعی قوانین کے خلاف غازی پور بارڈر پر دھرنے کے ساتھ ساتھ مزید پنچایتیں بھی چل رہی ہیں کیونکہ یہ معاملہ پورے ملک کے کسانوں کا ہے۔ ٹکیت نے کاشتکاروں سے کہا کہ کاشتکار اپنے ٹریکٹروں میں ڈیزل بھرکر رکھیں جلد دہلی سفر کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کسان اور حکومت کے مابین ہونے والی گفتگو کا براہ راست ٹیلی کاسٹ ہونا چاہیے۔
اس سے معلوم ہوگا کہ کون جواب نہیں دینا چاہتا؟ٹکیت نے کہا کہ کسانوں اور حکومت کے مابین مذاکرات کے16دور ہوچکے لیکن حکومت کے ذمہ دار لوگ زرعی قوانین سے دستبرداری کے بارے میں کوئی جواب نہیں دینا چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی بل واپس نہ ہونے تک یہ احتجاج جاری رہے گا۔
