Missing ANP leader found dead in Quetta

کوئٹہ:(اے یو ایس)عوامی نیشنل پارٹی کے لاپتہ رہنما اسد خاں اچکزئی کی گولیوں سے چھلنی لاش اتوار کے روز نوسار کے علاقے سے برآمد ہوئی ۔اسد 25 فروری کو اس وقت لاپتہ ہوگئے تھے جب وہ عو امی نیشنل پارٹی کے اجلاس میں شرکت کے لئے چمن سے کوئٹہ آرہے تھے۔

انسپکٹر جنرل اظہر اکرام کا کہنا ہے کہ پولیس نے ان کے قتل کے سلسلے میں لیویز فورس کے ایک عہدیداروں کو گرفتار کیا ہے۔

پولیس نے کہا کہ لیویز فورس کے اسرار احمد کو کل سریاب روڈ کے علاقے سے گرفتار کیا گیا۔ وہ اسد خان کے قتل میںملوث ہے۔ ان کی کار بھی اس کے قبضے سے برآمد ہوئی ہے۔ دوران تفتیش ملزم نے اسد خاں سے کار چھیننے اور انہیں قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ پولیس نے کہا کہ اسرار احمد کو اسد خان نے اپنی گاڑی میں لفٹ دی اور اس کے بعد انہوں نے گاڑی پر قبضہ کرکے 10کلو میٹر دورانہیں قتل کیا اور لاش کو ایک گہری کھائی میں پھینک دیا۔

پولیس کی ایک ٹیم نے اس علاقے کا دورہ کیا اور لاش کو برآمد کرکے سول اسپتال میں پوسٹ مارٹم کےلئے بھیج دیا گیا۔اسد خان عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر رہے ہیں۔ اور بلوچستان اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر بھی رہے ہیں۔ان کی پارٹی کے رہنماءکئی مہینوں سے ان کی بازیابی کے لئے احتجاج کررہے تھے۔ان کے قتل کے سلسلے میں پارٹی نے صوبے میں ہفتے بھر کا سوگ منایا اور تمام دفتروں پر پرچم سر نگوں کرنے کا اعلان کیا۔

آج پورے صوبے میں ہڑتال رہی اس کی وجہ سے صوبے کے تمام خوردہ و تھوک بازار اور تجارتی مراکز بند رہے۔ ٹریفک نہ ہونے کے برابر رہا۔ان کی میت ایمولینس کے ذریعہ جلوس کی شکل میں چمن کے لئے روانہ کی گئی۔