Myanmar's UN envoy sacked after speech dramatically opposing coup in his country

نیویارک :(اے یوایس) اقوام متحدہ میں میانمار کے سفیر کو برطرف کر دیا گیا، تفصیلات کے مطابق میانمار پر قابض فوج نے اقوام متحدہ میں تعینات اپنے سفیر کو بغاوت کا الزام لگا کر برطرف کردیا۔

بتایا گیا ہے کہ میانمار کے اقوام متحدہ میں تعینات سفیر نے اپنے ملک میں فوجی انقلاب کے بعد اقوام متحدہ سے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ میانمار کی فوج کے خلاف کارروائی کی جائے، اس بیان کی وجہ سے ان پر حکومت کے خلاف بغاوت کا الزام عائد کر کے میانمار پر قابض فوجی حکومت نے برطرف کر دیا۔خیال رہے کہ میانمار کی فوج نے جمہوری حکومت کا تختہ پلٹ کر اقتدار پر قبضہ کر لیا تھا اور آنگ سان سوچی سمیت تمام بڑے سیاسی رہنماؤں کو گرفتار کر کے جیل میں ڈال دیا تھا۔

میانمار پر فوجی حکومت کے قبضے پر دنیا بھر سے جمہوری حکومتوں نے میانما رکی فوج کو تنقید کا نشانہ بنایا اور آنگ سان سوچی کو رہا کر کے جمہوری حکومت بحال کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔