Ayesha Suicide Case Update: Husband Arif Arrested From Rajasthan's Pali

احمد آباد:(اے یو ایس) گذشتہ ماہ سابرمتی ندی میں کود کر خود غرقابی کرنے والی 23 سالہ عائشہ بانو مکرانی کی خودکشی معاملے میں پولیس متوفیہ کے شوہر عارف خان کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہو گئی۔ موصول اطلاع کے مطابق گجرات پولیس نے عارف خان کو راجستھان کے پالی شہر سے پیر کی شب میں گرفتار کر لیا۔ عائشہ نے خودکشی سے پہلے ایک ویڈیو پیغام ریکارڈ کیا تھا۔ اس میں اس نے اپنے شوہر پر اس کا استحصال کرنے کا الزام عائد کیاتھا۔ عائشہ کی شادی 2018 میں ہوئی تھی۔ اس کے بعد پولیس نے خود کشی کو اکسانے کا مقدمہ درج کرلیا گیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سابرمتی ریور فرنٹ ویسٹ پولیس کے انسپکٹر وی ایم دیسائی نے اطلاع دی ہے کہ عارف خان کو پالی سے گرفتار کیا گیا ہے۔ اس سے قبل پولیس کی ایک ٹیم بھی جالور میں واقع اس کے گھر گئی تھی ، لیکن وہ وہاں نہیں ملا۔ اس کے بعد ٹکنالوجی کی مدد سے ملزم کو پالی سے گرفتار کیاگیاہے۔ اب اسے منگل کو ٹرانزٹ ریمانڈ کے ذریعہ احمد آباد لایا جائے گا۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ شیام سنگھ کا کہنا ہے کہ یہ پورا آپریشن گجرات پولیس نے انجام دیاہے۔ جالور پولیس نے اس میں مکمل مدد فراہم کی ہے۔ عائشہ احمد آباد کے ریلیف روڈ پر واقع ایس وی کامرس کالج میں معاشیات سے ایم اے کی تعلیم حاصل کررہی تھیں۔

نجی کمپنی میں ملازمت بھی کرتی تھی۔ اس کی عارف سے 6 جولائی 2018 کو شادی ہوئی تھی۔ اس کے بعد 10 مارچ 2020 سے عارف کی جانب سے جسمانی اور ذہنی اذیت دینے کے بعد عائشہ اپنے سسرال سے علیحدہ ہوگئی تھی۔25 فروری کو خودکشی سے پہلے عائشہ نے دو منٹ کا ویڈیو پیغام ریکارڈ کیا۔ اس میں انہوں نے اپنے والد لیاقت علی مکرانی سے اپیل کی تھی کہ وہ انکے شوہر کے خلاف گھریلو تشدد کی رپورٹ درج نہ کریں۔