ابوظبی: (اے یو ایس ) متحدہ عرب امارات نے ایرانی حمایت یافتہ یمنی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرون طیاروںسے حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔متحدہ عرب امارات کی
وزارت خارجہ و عالمی تعاون کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یمن کے ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب کے جنوبی شہروں خمیس مشیط اور جازان پر ڈرون حملے اور دارالحکومت الریاض پر بیلسٹک میزائل حملے کی کوشش کھلی جارحیت اور قابل مذمت اقدامات ہیں۔ امارات سعودی عرب پر ہونے والے حوثی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے مملکت کے ساتھ کھڑا ہے۔
سعودی عرب کی سلامتی اور استحکام اور متحدہ عرب امارات کا امن واستحکام ایک دوسرے کے لیے جزو لا ینفک ہیں۔بیان میں امارات کی طرف سے حوثی باغیوں کے دہشت گردانہ حملوں پر سعودی عرب کے ساتھ اظہار یکجہتی کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ امارات اور سعودی عرب کا امن و استحکام لازم وملزم ہے۔ سعودی عرب کو درپیش خطرات متحدہ عرب امارات کو درپیش خطرات کے مترادف ہیں جب کہ سعودی عرب کی سلامتی امارات کی سلامتی ہے۔
دونوں برادر ممالک کی خوش حالی اور امن ایک دوسرے کے ساتھ مربوط ہیں۔خیال رہے کہ ہفتے اور اتوار کے روز حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے شہروں خمیس مشیط، جازان اور الریاض پر کئی ڈرون اور بیلسٹک میزائل حملے کیے جنہیں سعودی عرب کے محکمہ دفاع اور عرب اتحاد نے ناکام بنا دیا۔ ہفتے کے روز حوثی باغیوں نے سعودی عرب پر 6 ڈرون حملے کیے تھے جنہیں ناکام بنا دیا گیا تھا۔
