تل ابیب: ( اے ےواےس ) اسرائیل کے وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے متحدہ عرب امارات کا طے شدہ دورہ منسوخ کردیا ہے۔ وہ آج جمعرات کو اپنے پہلے سرکاری دورے پر یو اے ای پہنچنے والے تھے۔اسرائیل کے سرکاری ریڈیو کان نے سرکاری ذرائع کے حوالے سے وزیراعظم کا دورہ منسوخ ہونے کی اطلاع دی ہے لیکن واضح رہے کہ اسرائیل یا یواے ای میں سے کسی نے بھی سرکاری طور پر اس دورے کی تصدیق نہیں کی تھی۔
اسرائیلی میڈیا نے بدھ کو پہلی مرتبہ اس دورے کی اطلاع دی تھی اور کہا تھا کہ نیتن یاہو ابو ظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے ملاقات کریں گے اور ان سے دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلووں کے بارے میں تبادلہ خیال کریں گے۔تجزیہ کاراس دورے کو بنیامین نیتن یاہو کے لیے اسرائیل میں 23 مارچ کو پارلیمانی انتخابات سے قبل اہم قرار دے رہے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم انتخابی مہم میں یو اے ای سے امن معاہدے اور پھر دوطرفہ تعلقات میں پیش رفت کو اپنی ایک اہم سفارتی کامیابی کے طور پر پیش کرسکتے ہیں۔
اسرائیلی میڈیا نے قبل ازیں یہ اطلاع دی تھی کہ وزیراعظم اپنی اہلیہ سارہ کی علالت کے پیش نظر اس دورے کو منسوخ بھی کرسکتے ہیں۔وہ اپینڈکس انفیکشن کے باعث داخل اسپتال ہیں۔لیکن وزیر اعظم دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دورے کی منسوخی کا سبب سارہ نتن یاہو کی علالت نہیں ہے۔بلکہ ان کا دورہ اس لیے منسوخ کیا گیا کیونکہ اردن نے خلیجی ریاست جانے کے لیے وزیر اعظم کے طیارے کو اپنی فضائی پٹی سے گذرنے کی اجازت دینے میں تاخیر کر دی تھی۔
