Assembly elections | BJP announces star-studded list of candidates

نئی دہلی : (اے یو ایس ) بی جے پی نے مارچ اپریل میں پانچ ریاستوں میں ہونے جارہے اسمبلی انتخابات کیلئے اپنے امیدواروں کا اعلان کردیا ہے۔ بی جے پی جنرل سکریٹری ارون سنگھ نے اتوار کو بتایا کہ تمل ناڈو میں بی جے پی این ڈی اے کے ساتھی کے طور پر الیکشن لڑ رہی ہے اور ہم ریاست کی بیس سیٹوں پر الیکشن لڑیں گے۔ ریاستی صدر ایل مرون دھاراپورم سے انتخابی میدان میں ہوں گے۔ سینئر لیڈر ایچ راجا کرئی کوڈی سے الیکشن لڑیں گے۔ اس کے ساتھ ہی بی جے پی نے اپنے مہیلا مورچہ کی صدر ونتھی شری نواسن کو کمل ہاسن کے خلاف کوئمبٹور ساوتھ سیٹ سے میدان میں اتارا ہے۔

اداکارہ سے سیاستداں بنیں خوشبو سندر تمل ناڈو میں تھاوجینڈ لائٹس اسمبلی سیٹ سے بی جے پی کی امیدوار ہوں گی۔بی جے پی جنرل سکریٹری نے بتایا کہ کیرالہ میں بی جے پی 140 سیٹوں میں سے 115 سیٹوں پر الیکشن لڑے گی جبکہ 25 سیٹیں چار پارٹیوں کیلئے چھوڑ دی گئی ہیں۔ کیرالہ بی جے پی کے صدر کے سریندرن دو سیٹوں کاسرگوڈا کی منجیشری اور پتھانم تھٹٹا کی کوننی سیٹوں سے الیکشن لڑیں گے۔ بی جے پی نے سابق مرکزی وزیر کے جے الفونس کو کانجیراپلی سیٹ سے ٹکٹ دیا ہے۔بی جے پی نے مغربی بنگال کے تیسرے مرحلہ کے الیکشن کیلئے 27 جبکہ چوتھے مرحلہ کیلئے 36 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔ مغربی بنگال میں بی جے پی نے ترنمول کانگریس کے خلاف بڑا داؤکھیلتے ہوئے تین لوک سبھا اراکین اور ایک راجیہ سبھا رکن کو بھی انتخابی میدان میں اتارا ہے۔

بی جے پی جنرل سکریٹری ارون سنگھ نے بتایا کہ مغربی بنگال کی ٹالی گنج سیٹ سے بی جے پی رکن پارلیمنٹ بابل سپریو الیکشن لڑیں گے۔ وہیں سوپن داس گپتا تارکیشور سیٹ سے الیکشن لڑیں گے۔ علاوہ ازیں لاکیٹ چٹرجی چنچورا سیٹ سے انتخابی میدان میں ہوں گے۔ جبکہ نشیتھ پرمانیکا کو دنہاٹا سیٹ سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔علاوہ ازیں ماہر اقتصادیات اشوک لاہڑی علی دوار پور سیٹ سے امیدوار ہوں گے جبکہ رابیندرناتھ بھٹاچاریہ سنگور سے انتخابی میدان میں ہوں گے۔ مغربی بنگال کے شیام پور سیٹ سے اداکارہ تنوشری چکرورتی ، ڈومجور سے سابق وزیر راجیو بنرجی ، پانڈوا سے پروفیسر پارتھا شرما ، سوناپور جنوب سے انجنا بسو کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔

ارون سنگھ نے کہا کہ آسام میں بی جے پی 92 سیٹوں پر الیکشن لڑے گی جبکہ دیگر سیٹوں پر اتحادی پارٹیاں اپنے امیدوار میدان میں اتاریں گی۔ بی جے پی نے آسام کے تیسرے مرحلہ کیلئے سترہ امیدواروں کی فہرست جاری کی۔ چندرموہن پٹواری دھرماپور سیٹ سے الیکشن لڑیں گے۔