Arab coalition foils Houthi drone attack at Saudi Arabia's Khamis Mushait

صنعا:(اے یو ایس ) یمن میں آئینی حکومت کے دفاع کے لیے سرگرم عرب اتحاد نے یمن کے حوثی باغیوں کی طرف سے سعودی عرب کے شہر خمیس مشیط پر حملے کے لیے بھیجا ایک ڈرون طیارہ مار گرایا۔عرب اتحاد کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اتحاد نے حوثی ملیشیا کے حملوں کی روک تھام کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ حوثی ملیشیا کی طرف سے جنگی خلاف ورزیاں اور وحشیانہ حملے جنگی جرائم کے زمرے میں آتے ہیں۔ عرب اتحاد نے کہا ہے کہ وہ حوثی ملیشیا کے خلاف کارروائی میں بین اقوامی انسانی قوانین کے مطابق اقدامات کر رہا ہے۔قبل ازیں عرب اتحاد کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ترکی المالکی نے ‘العربیہ’ چینل کو دیے گئے ایک بیان میں کہا تھا کہ حوثی ملیشیا کے زیراستعمال میزائل اور ڈرون طیارے ایرانی ساختہ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی مسلح افواج حوثی ملیشیا کے کئی بمبار ڈرون مار گرانے میں کامیاب ہوئی ہے۔ ان بمبار ڈرون طیاروں کے ذریعے شہری تنصیبات اور شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی مجرمانہ کوشش کی گئی تھی۔حوثیوں کی طرف سے سعودی عرب پر کیے جانے والے بیلسٹک اور میزائل حملوں کی شدید مذمت کی جا رہی ہے۔ یمن میں آئینی حکومت کے حامی عرب فوجی اتحاد نے بتایا ہے کہ اتحادی فوج نے سعودی عرب پر حوثی ملیشیا کے 540 ڈرون بمبار طیارے اور 350 بیلسٹک مزائل تباہ کیے۔