ؓٓقاہرہ : ( اے یو ایس) فلسطینی قومی مکالمے کے سلسلے میں دو روزہ اجلاس کل منگل کو مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں شروع ہو رہا ہے۔ اجلاس میں تمام فلسطینی گروپ شریک ہوں گے۔حماس کے ترجمان فوزی برہوم کے مطابق تنظیم کے قاہرہ جانے والے وفد کی قیادت حماس کے سیاسی دفتر کے نائب سربراہ صالح العاروری کر رہے ہیں۔ برہوم نے بتایا کہ قومی مکالمے کے شرکا قانون ساز اور صدارتی انتخابات کا موضوع زیر بحث لائیں گے۔واضح رہے کہ مصر نے چند روز قبل فلسطینی قومی مکالمے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے فلسطینی گروپوں کو 16 اور 17 مارچ کو قاہرہ آنے کی دعوت دی تھی۔
فتح موومنٹ کے رہ نما جبریل الرجوب نے العربیہ ڈاٹ نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ “اجلاس میں فلسطینی گروپوں کے علاوہ مرکزی انتخابی کمیٹی اور قومی کونسل کی پریذیڈنسی بھی شریک ہو گی۔ انتخابات سے قبل بہت سے معاملات اور سمجھوتے طے پائیں گے۔ مصالحت، عام انتخابات کے اجرا اور انقسام کے خاتمے کے حوالے سے مشترکہ عزم پایا جاتا ہے”۔اس سے قبل فلسطینی قومی مکالمے کے سلسلے میں آخری اجلاس 8 اور 9 فروری کو قاہرہ میں مصری صدر عبدالفتاح السیسی کی سرپرستی میں ہوا تھا۔
اجلاس میں 14 فلسطینی گروپوں نے شرکت کی۔اجلاس میں گروپوں نے اس بات پر اتفاق رائے کا اظہار کیا تھا کہ مغربی کنارے، غزہ کی پٹی اور بیت المقدس کے ججوں پر مشتمل ایک “الیکشن کورٹ” تشکیل دی جائے۔ اسی طرح انتخابی آرڈیننس میں متعین نظام الاوقات اور انتخابات کے نتائج کو احترام کے ساتھ قبول کرنے پر بھی اتفاق سامنے آیا تھا۔اجلاس کے شرکا اس بات پر بھی متقق تھے کہ سیاسی بنیادوں پر گرفتار تمام قیدیوں کی فوری طور پر رہائی عمل میں لائی جائے۔ ساتھ ہی مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی میں فسلطینی گرپوں کے کام کرنے کے حق کی ضمانت دی جائے۔فلسطینی صدر محمود عباس نے جنوری میں ایک آرڈیننس جاری کیا تھا۔ اس کے مطابق 22 مئی کو قانون ساز اسمبلی کے انتخابات اور 31 جولائی کو صدارتی انتخابات ہوں گے۔
