ریاض:(اے یوایس ) سعودی عرب میں وزارت صحت نے ہفتے کے روز اعلان کیا ہے کہ مملکت میں اب تک کرونا ویکسین کی 30 لاکھ سے زیادہ خوراکیں دی جا چکی ہیں۔
وزارت کے مطابق ویکسین کی یہ خوراکیں 500 سے زیادہ ویکسی نیشن مراکز کے ذریعے دی گئیں۔سعودی وزارت صحت نے گذشتہ روز ایک بیان میں تمام لوگوں پر زور دیا تھا کہ وہ کرونا ویکسین کے حصول کے لیے موبائل ایپلی کیشن’ صحت ‘کے ذریعے اپنا اندراج کرائیں۔ اس کا مقصد لوگوں کی صحت و سلامتی کا تحفظ ہے۔
وزارت صحت نے واضح کیا کہ کرونا کے سرگرم اور تشویش ناک کیسوں میں قابل ذکر اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ وزارت نے زور دیا کہ تمام لوگوں کو ویکسین لگوانے کی ضرورت ہے کیوں کہ یہ متعدی امراض سے چھٹکارہ پانے کا محفوظ اور مؤثر ذریعہ ہے۔
سعودی وزارت صحت نے تصدیق کی ہے کہ اب تک مملکت میں مجموعی طور پر کرونا وائرس کے 383880 کیسوں کا اندراج ہو چکا ہے۔ ان میں 3688 سرگرم کیس اور 564 تشویش ناک کیس ہیں۔ متاثرین میں 240 مزید افراد شفایاب ہو چکے ہیں۔ اس طرح اب تک شفایاب ہونے والے مریضوں کی مجموعی تعداد 373601 ہو گئی ہے۔گذشتہ 24 گھںٹوں کے دوران مزید 6 متاثرین فوت ہو گئے۔ اس طرح مملکت میں کرونا کے سبب جان سے ہاتھ دھونے والے افراد کی مجموعی تعداد 6591 ہو گئی ہے۔
