One civilian killed in Houthis ballistic missile attack on Yemen's Marib

صنعا: (اے یوایس ) یمن کے شہرمآرب میں حوثی ملیشیا کے بیلسٹک میزائل سے حملے میں ایک شہری ہلاک اور چھے زخمی ہوگئے ہیں۔العربیہ کے نمایندے کی اطلاع کے مطابق ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا نے مآرب کے شہری علاقے میں منگل کی دوپہرگیارہ بجے کے قریب بیلسٹک میزائل داغا ہے۔

یمنی وزیراطلاعات معمرالاریانی نے کہا ہے کہ حوثیوں نے مآرب کے شہری علاقوں میں حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ان کی فوجی کارروائی میں شدت کے بعد لاکھوں بچّوں اور بے گھرخاندانوں کی زندگیاں خطرے سے دوچار ہوگئی ہیں۔مآرب میں یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کے تحت فورسز اور حوثیوں کے درمیان لڑائی میں حالیہ دنوں میں شدت آئی ہے۔مآرب یمن کے شمال میں واقع واحد صوبہ ہے جس پرسرکاری فورسز کا کنٹرول ہے۔

اسی صوبہ میں ملک کا تیل کا سب سے بڑا انفرااسٹرکچر واقع ہے۔باقی شمالی صوبوں پر حوثیوں نے قبضہ کررکھا ہے۔اس حملے سے ایک روز قبل ہی اقوام متحدہ کے ماہرین کی ایک ٹیم نے اپنی تحقیقاتی رپورٹ میں حوثیوں کو 30 دسمبر کو عدن کے ہوائی اڈے پر تباہ کن حملے کا ذمے دار قرار دیا ہے۔یمنی حکومت کے ارکان کی آمد کے وقت بم اور میزائل حملے میں 22 افراد ہلاک ہوگئے تھے لیکن تب حوثیوں نے اس حملے میں ملوّث ہونے کی تردید کی تھی۔