ریاض: (اے یوایس )سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے زور دے کر کہا ہے کہ عراق کی اصل شناخت اس کا صدیوں سے ایک عرب ملک ہونا ہے اور عراق کی یہ حیثیت سعودی عرب کے لیے غیرمعمولی اہمیت کی حامل ہے جسے تبدیل نہیںکیا جاسکتا ہے۔ گذشتہ روز مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹرپر پوسٹ کردہ متعدد ٹویٹس میں انہوں نے عراق کے وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی کے دورہ سعودی عرب کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
انکا کہنا تھا کہ عراقی وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب دونوں ممالک کے درمیان وسیع تر تعلقات اور تعاون کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے لکھا کہ سعودی عرب کے لیے عراق کی سب سے بڑی اہمیت اس کا عرب ملک ہونا ہے اور عراق کی ہہ نسبت کسی صورت میں تبدیل یا ختم نہیں ہوسکتی ہے۔ حالات چاہے جو بھی ہوں اور بحران کتنے ہی سنگین کیوں نہ ہوں مگر عراق کی عرب شناخت تبدیل نہیں ہوسکتی۔ سعودی عرب نے عراق کو ہمیشہ اپنا بھائی سمجھا اور ایک بڑے بھائی کی حیثیت نے برادر ملک عراق کے ساتھ مکمل وفاداری اور بھائی چارے کاثبوت پیش کیا۔
خالد بن سلمان کا کہنا تھا کہ عراقی وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی ہمارے معزز مہمان ہیں جو خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب آئے ہیں۔خیال رہے کہ عراقی وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی بدھ کے روز سعودی عرب کے سرکاری دورے پر الریاض پہنچے تھے جہاں انہوں نے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز (ایم بی ایس)اور دیگر رہ نماﺅں سے ملاقات کی ہے۔
