ریاض: (اے یوایس )سعودی عرب میں50لاکھ سے زائد افراد کو کورونا ویکسین کی خوراک دی جا چکی ہے۔ یہ خوراکیں پوری مملکت میں مختلف علاقوں میں 500 سے زیادہ ویکسین مراکز کے ذریعے فراہم کی گئی ہیں۔سعودی وزارت صحت نے مملکت میں موجود تمام افراد پر زور دیا ہے کہ وہ کرونا کی ویکسین حاصل کرنے کے لیے جلد از جلد “صحت ” ایپلی کیشن کے ذریعے اپنا اندراج کرائیں۔ اس طرح معاشرے میں تمام افراد کی صحت اور سلامتی کا تحفظ ہو سکے گا۔ ساتھ ہی وزارت صحت نے زور دیا ہے کہ کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے احتیاطی اقدامات کی سختی سے پابندی ضروری ہے۔
اس سے قبل سعودی وزارت صحت نے مملکت میں کرونا کے متاثرین کی تعداد میں اضافے سے خبردار کیا۔ اتوار کے روز ایک پریس کانفرنس میں وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا تھا کہ “متاثرین کی تعداد میں روز بروز اضافے کے سبب ہم اس وقت نہایت تشویش ناک اور غیر اطمینان بخش مراحل میں ہیں۔ ہم پر لازم ہے کہ خبردار رہیں اور تمام احتیاطی تدابیر پر کاربند رہیں”۔وزارت صحت نے اتوار کے روز ایک اعلان میں بتایا کہ 24 گھنٹوں کے اندر مملکت میں کرونا وائرس کے 673 نئے کیسوں اور 7 متاثرین کی اموات کا اندراج ہوا۔ اس دوران 504 افراد کی شفایابی ریکارڈ کی گئی۔
اس طرح سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب میں اب تک کرونا وائرس کے متاثرین کی مجموعی تعداد 392682 ہو چکی ہے۔ ان میں 6697 متاثرین فوت اور 379816 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ اس وقت فعال کیسوں کی تعداد 6169 ہے جن میں سے 782 کی حالت نازک ہے۔گذشتہ ایک ہفتے کے دوران احتیاطی اقدامات اور حفاظتی تدابیر کی 27 ہزار خلاف ورزیاں سیکورٹی حکام کے سامنے آئیں۔وزارت داخلہ نے اداروں، تنصیبات اور افراد کو خبردار کیا ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر لاگو کرنے میں تساہل کا مظاہرہ ہر گز نہ کریں۔ وزارت داخلہ کے سیکورٹی ترجمان لیفٹننٹ کرنل طلال الشہلوب کے مطابق کرونا کی وبا کی شدت میں حالیہ اضافہ گذشتہ سات ماہ میں نہیں دیکھا گیا۔
اگر احتیاط نہ کی گئی تو اب تک کی جانے والی تمام تر کوششیں برباد ہو جائیں گی۔دوسری جانب متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت و سماجی تحفظ نے اتوار کے روز کرونا وائرس کے 2113 نئے کیسوں اور 6 متاثرین کی اموات کا اعلان کیا۔ وزارت کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ اب تک امارات میں اس وبائی مرض سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 470136 ہو چکی ہے۔ ان میں سے 1510 متاثرین فوت اور454600 متاثرین صحت یاب ہو چکے ہیں۔
