نئی دہلی: مختلف ر یاستوں سے موصول اطلاع کے مطابق کورونا وائرس کی نئی لہر میں لا تعداد افراد کے اس وبا میں مبتلا ہوجانے کے پیش نظر ریاستی حکومتوں نے سخت اقدامات کرتے ہوئے شہروں اور قصبات میں 8تا دس گھنٹے کا شبینہ کرفیو اور کہیں مکمل لاک ڈاؤن نافذ کرنا شروع کر دیا۔
اترپردیش میں بڑھتے کرونا کیسز کے درمیان وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی زیر صدارت ہوئی میٹنگ میں اس ضمن میں اہم فیصلے کیے گئے جس میں ان تمام اضلاع میں ضلع ڈی ایم کو نائٹ کرفیو لگانے کا اختیار دیا گیا ہے جہاں روزآنہ سو کیسز یا پانچ سو سے زائد فعال کیسز ہیں ، بعد ازاں اترپردیش کی راجدھانی لکھنو¿ میں دس روزہ نائٹ کرفیو کا اعلان کر دیا۔ لکھنؤ میونسپل کارپوریشن کے علاقے میں نائٹ کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔آٹھ اپریل سے 16 اپریل تک ہر رات 9 بجے سے صبح 6 بجے تک کرفیو نافذ رہے گا۔ جبکہ دن کے اوقات میں صبح 6 بجے سے رات 9 بجے تک کوویڈ پروٹوکول کے ساتھ کام جاری رہے گا۔ تاہم ، ضروری سامان لے جانے کی چھوٹ ہوگی۔وارانسی میں نائٹ کرفیو کا اعلان کیا گیا ہے۔رات کا کرفیو صرف لکھنؤ میونسپل کارپوریشن کے علاقے میں لاگو ہوگا۔ لکھنؤ کے دیہی علاقوں میں رات کا کرفیو لاگو نہیں ہوگا۔ اس کے دوران پھلوں ، سبزیوں ، دودھ ، ایل پی جی ، پٹرول ڈیزل اور دوا کی فراہمی جاری رہے گی۔ نائٹ شفٹ میں ضروری سامان / خدمات میں مصروف سرکاری / نیم سرکاری عملہ اور نجی شعبے کے اہلکار مستثنیٰ ہوں گے۔ لوگ ریلوے اسٹیشن ، بس اسٹیشن ، ہوائی اڈے سے آنے والے اپنے ٹکٹ دکھا سکیں گے۔ ہر قسم کی مال بردار ٹرینوں کی نقل و حرکت پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ اترپردیش کے بنارس اور کانپور میں بھی نائٹ کرفیو لگا دیا گیا ہے ۔
ریاست کے اعظم گڈھ ضلع میں لگاتار کرونا متاثرین کی تعداد بڑھتی ہی جارہی ہے منگل کے روز ایک دن میں 128 کرونا پازیٹیو کیسز سامنے آئے۔جس کے بعد کرونا متاثرین کی مجموعی تعداد 6531ہوگئی ہے ، اس وقت 510 فعال کیسز ہیں۔واضح ہو کہ پنجاب میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے انفیکشن کے معاملات کو دیکھتے ہوئے پنجاب حکومت نے ریلیوں پر پابندی لگا دی ہے۔
حکومت کے احکامات کے بعد ریاست میں کوئی بھی سیاسی جماعت ریلیوں کا انعقاد نہیں کرسکے گی۔اس کے ساتھ ہی حکومت نے 30 اپریل تک سبھی تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا بھی فیصلہ لیا ہے۔اور 11 اضلاع میں نائٹ کرفیو کی مدت کو بھی حکومت نے 30 اپریل تک بڑھا دیا ہے۔ چھتیس گڑھ حکومت نے بڑھتے کورونا انفیکشن کو دیکھتے ہوئے سخت اقدامات شروع کردیئے ہیں۔
اسی ضمن میں رائے پور میں مکمل لاک ڈاون لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔یہ لاک ڈاون 9 اپریل سے 19 اپریل تک لگایا جائے گا۔رائے پور کلکٹر نے اس سے متعلق بھی احکامات جاری کر دیئے ہیں۔مکمل لاک ڈاون کے دوران ضلع کی سرحدوں کو بھی سیل کر دیا جائے گا۔کلکٹر کی طرف سے جاری احکامات کے مطابق،لاک ڈاون کے دوران سبھی شراب کی دوکانیں بند رہیں گی،اس کے ساتھ ہی سبھی سرکاری اور نیم سرکاری دفاتر،بینک بھی بند رہیں گے۔حالانکہ صنعتوں کو یہ چھوٹ دی گئی ہے کہ اگر ملازمین فیکٹریوں کے احاطے کے اندر ہی رہتے ہیں تو ان کو چلایا جاسکتا ہے۔مذہبی مقامات بھی نہیں کھلیں گے۔
