اسلام آباد:(اے یوایس ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ میری وفاداری کا امتحان لیا جا رہا ہے اور ہم تحریک انصاف سے انصاف مانگ رہے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیرخان ترین نے کہا ہے کہ مجھ پر بے بنیاد الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔جہانگیر ترین اور علی ترین ایف آئی اے بینکنگ کورٹ لاہور میں پیش ہوئے تھے۔ تحریک انصاف کے رہنما راجہ ریاض اور دیگر پی ٹی آئی رہنما بھی جہانگیرترین کے ہمراہ تھے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے خلاف بے بنیاد مقدمات بنائے گئے ہیں۔ میرے خلاف 3مقدمات ہیں۔ پاکستان میں 80 شوگر ملز ہیں، لیکن نشانے پر صرف میں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم تحریک انصاف سے انصاف مانگ رہے ہیں۔ میرے اور میرے بیٹے کے اکاؤنٹ منجمد کردیے گئے ہیں۔
جہانگیر ترین نے کہا کہ اکاؤنٹ کیوں منجمد کیے۔ اس سے کیا فائدہ، یہ سب کون کررہا ہے؟ ظلم بڑھتا جا رہا ہے۔ میری وفاداری کا امتحان لیا جا رہا ہے۔بینکنگ کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’میں پوچھتا ہوں آخر یہ انتقامی کارروائی کیوں ہو رہی ہے، وجہ کیا ہے؟ ملک کی 80 شوگر ملز میں سے انھیں صرف جہانگیر ترین نظر آیا۔ جو بھی یہ سب کررہا ہے وقت آگیا ہے انہیں بے نقاب کیا جائے۔
ایک سوال کے جواب میں جہانگیر ترین نے کہا پی ٹی آئی سے راہیں جدا نہیں ہوئیں۔رہنما پی ٹی آئی راجہ ریاض نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا وزیراعظم عمران خان کو ایکشن لینا چاہیے۔ نقصان تحریک انصاف کو پہنچ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم اپنے بہترین اور جان نثار دوست کے خلاف زیادتی بند کرائیں۔ راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ عمران خان کے اعتماد کا ووٹ لینے میں اہم کردار جہانگیر ترین کا ہے۔
کچھ لوگ جہانگیر ترین کے خلاف سازش کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن کے بعد عمران خان کے اعتماد کا ووٹ لینے میں اہم کردار جہانگیر ترین کا ہے۔ جہانگیر ترین مثبت کردار ادا نہ کرتے تو عمران خان قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ نہ لے سکتے۔جہانگیر ترین اور علی ترین کی لاہور کی بینکنگ کورٹ میں شوگر ملز میں جعلی بینک اکاؤنٹس کے کیس میں ضمانت میں توسیع کے لیے پیشی کے موقع پر پولیس نے عدالت سے ایک مسلح شخص کو گرفتار کیا ہے۔پولیس کے مطابق لاہورکی بینکنگ کورٹ کے احاطے سے تلاشی لینے کے دوران 1 شخص کے قبضے سے پستول ملی ہے۔
پولیس نے عدالت میں پستول لانے والے شخص کو گرفتار کر لیا ہے جس کی شناخت کے حوالے سے فی الحال کوئی بات سامنے نہیں آئی ہے۔ ایف آئی اے نے جہانگیر ترین اور انکے بیٹے کو 9 اپریل کو طلب کر لیا.پولیس مذکورہ شخص سے تفتیش کر رہی ہے کہ وہ کس مقصد اور ارادے سے پستول لے کر عدالت آیا تھا۔
مجھے اور میرے بیٹے کو کیوں پھنسایا جا رہا ہے،میں پی ٹی آئی حکومت سے انصاف کا طالب ہوں : جہانگیر ترین
