ریاض:(اے یوایس ) سعودی روئل ایئر ڈیفنس فورسز نے جمعے کی شب ایک بیلسٹک میزائل اور ایک دھماکا خیز ڈرون طیارہ تباہ کر دیا۔ یہ میزائل اور طیارہ دہشت گرد حوثی تنظیم کی جانب سے مملکت میں جازان اور خمیس مشیط کی سمت بھیجا تھا۔یمن میں آئینی حکومت کو سپورٹ کرنے والے عرب اتحاد نے واضح کیا ہے کہ اس طرح کی کوششوں کا شمار جنگی جرائم میں ہوتا ہے۔
اتحاد نے زور دیا کہ اس کی فورسز بین الاقوامی انسانی قانون کے مطابق شہریوں کے تحفظ کے واسطے مطلوب عملی اقدامات کر رہی ہیں۔دوسری جانب خلیج تعاون کونسل کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر نائف الحجرف نے شہریوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوششوں کی مذمت کی ہے۔ الحجرف کے مطابق حوثی ملیشیا کے دہشت گرد حملوں کا سلسلہ جاری رہنا اس بات کا عکاس ہے کہ ایران نواز ملیشیا عالمی برادری کو صریح طور پر چیلنج کر رہی ہے اور وہ تمام تر بین الاقوامی قوانین اور روایات کی دھجیاں اڑا رہی ہے۔
ڈاکٹر الحجرف نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ حوثی ملیشیا کے حوالے سے اپنی ذمے داریوں کو پورا کرے تا کہ اہم تنصیبات اور شہریوں کو نشانہ بنانے کی یہ دہشت گرد کارروائیاں روکی جا سکیں۔خلیج تعاون کونسل کے سکریٹری جنرل نے عرب اتحاد اور سعودی فضائی دفاع کی فورسز کے خبردار رہنے اور ان کی صلاحیت کو سراہا جو حوثی ملیشیا کے ہر حملے کو ناکام بنا رہی ہیں۔
