سرینگر: (اے یو ایس)پولیس نے جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام سے ایک ملی ٹینٹ اور تین ملی ٹینٹ اعانت کاروں کو گرفتار کرنے کیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ملی ٹینٹوں کی نقل و حمل کے بارے میں ایک اطلاع موصول ہونے پر پولیس نے فوج کے 9 آر آر کی ایک ٹیم کے ساتھ بوگنڈ کولگام سڑک پر ناکہ لگا دیا۔ انہوں نے بتایا کہ سلامتی دستوں نے تلاشی کے دوران ایک انتہاپسند کو گرفتار کیا۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ بوگند کولگام روڈ پر ایک ناکہ لگایا گیا اور “چیکنگ کے دوران تلاشی پارٹی نے ایک گاڑی میں سفر کرنے والے چار افراد کو گرفتار کرلیا۔ ان میں سے ایک کی شناخت بارہمولہ سے تعلق رکھنے والے زیان احمد ڈار کے نام سے ہوئی ہے ، جو گزشتہ ماہ سے شوپیاں کے ایک دینی مدرسے سے لاپتہ تھا جبکہ تین دیگر افراد اعانت کار بتائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان تینوں ساتھیوں کی شناخت زاہد نظیر ، عمر یوسف اور مظفر احمد کے نام سے ہوئی ہے۔ یہ سب جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں سے تعلق رکھتے ہیں۔ادھر ضلع پولیس اور سیکورٹی فورسز نے گزشتہ کئی روز سے مختلف علاقوں میں تلاشی کارروائی کو مزید تیز کر دیا ہے اور ملی ٹینٹ مخالف سرگرمیوں میں وسعت لائی جا رہی ہے۔ تاکہ ملی ٹینٹوں کا نہ صرف تعاقب کیا جاسکا ، بلکہ انہیں گرفتار کرنے کی کوشش کی جائے۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں میں جنوبی کشمیر کے اننت ناگ اور شوپیاں میں دو خاص تصادم ہوئے ، جس میں نصف درجن کے قریب انتہاپسند مارے گئے اور سیکورٹی فورسیز ایسی کارروائی کو اہم قرار دے رہے ہیں۔
