ٹورنٹو: (اے یو ایس)کناڈا کے وزیر برائے امیگریشن نے وبا کے دوران مریضوں کے علاج میں مدد کرنے والے 90 ہزار سے زائد غیرملکی طلبہ اور ملازمین کو مستقل رہائش دینے کا اعلان کیا ہے۔یہ پروگرام چھ مئی سے نافذ العمل ہو گا۔ اس میں ایسے غیر ملکی ملازمین شامل ہوں گے جنہوں نے ہیلتھ کیئر اور دوسرے شعبوں جیسے گروسری سٹور کیشیئر، شیلف سٹاکرز، ٹرک ڈرائیورز اور فارموں میں کام کرنے کا کم از کم ایک سال کا تجربہ ہو گا۔
جبکہ طلبہ کے لیے ضروری ہے کہ انہوں نے اپنی پوسٹ سکینڈری ڈگری گذشتہ چار سالوں میں مکمل کی ہو۔وزیر برائے امیگریشن مارکو مینڈسینو کا بدھ کو پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ یہ اقدام کناڈاکے رواں سال چار لاکھ تارکین وطن کو خوش آمدید کہنے کے ہدف تک پہنچنے میں مدد کرے گا۔ یہ تعداد گذشتہ سال سرحدوں کے بند ہونے کی وجہ سے امیگریشن میں آنے والی کمی کو پورا کرنے کے لیے بڑھائی گئی ہے۔
وزیر برائے امیگریشن نے مزید کہا کہ ’یہ نئی پالیسیاں عارضی حیثیت کے افراد کو کینیڈا میں اپنے مستقبل کی منصوبہ بندی کرنے، ہماری معاشی بحالی میں اہم کردار ادا کرنے اور ہماری تعمیر نو میں مدد دیں گی۔‘انہوں نے کہا کہ ’آپ کی حیثیت عارضی ہو سکتی ہے، لیکن آپ کی شراکت دیر پا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ آپ رہیں۔‘
