Two thousand retired Israel officers call on US not to rejoin Iran nuclear deal

تل ابیب ،:(اے یوایس )اسرائیل کے 2 ہزار ریٹائرڈ فوجی افسروں نے امریکی صدر جوبائیڈن کی انتظامیہ کو ایک متفقہ مکتوب ارسال کیا ہے جن میں ا±نہیں ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے خبردار کیا ہے۔ اسرائیل کے سابق عہدیداروں نے امریکی انتظامیہ کو خبردار کیا ہے کہ ایران کے ساتھ جوہری پروگرام پر مذاکرات میں جلد بازی سے کام لینے سے اسرائیل کو درپیش خطرات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔واشنگٹن فری بیکن کے مطابق یہ خط اسرائیل ڈیفنس اینڈ سکیورٹی فورم نے تیار کیا تھا۔ اس پرسیکڑوں اعلیٰ عہدے داروں اور ریٹائرڈ اسرائیلی افسران کی ایسوسی ایشن نے دستخط کیے تھے۔

دستخط کنندگان نے اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جوبائیڈن انتظامیہ اور چند ایک یورپی ممالک اسرائیل اور دوسرے ممالک کو درپیش خطرات اور خدشات کو نظرانداز کرکے ایران کے جوہری پروگرام پر معاہدے کو بحال کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی حکومت واضح اور کھلے عام ہمارے ملک کو تباہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کسی سانحہ سے بچنے کے لیے ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنا ضروری ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ بائیڈن انتظامیہ کے ایران کو “لائف لائن” دینے کے فیصلے سے حالیہ امن معاہدوں کے نتیجے میں علاقائی استحکام کو خراب کرنے کا خطرہ ہے۔اسرائیلی عہدے داروں نے متعدد اصولوں کی نشاندہی بھی کی کہ امریکی انتظامیہ اور یوروپی طاقتوں کو ایک نئے جوہری معاہدے کے کے لیے مذاکرات کرتے ہوئے ان اصولوں کی پابندی کرنی چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ 2015 کے اصل معاہدے کی واپسی نہیں ہونی چاہیئے۔ یہ معاہدے ایک منصوبے کے تحت بنایا گیا۔ نیز یہ معاہدہ ایران کی یورینیم افزودگی سے متعلق صلاحیتوں کو ختم کرنے میں ناکام رہا اور اس کو غیر اعلانیہ جوہری سرگرمیاں انجام دینے کا امکان موقع فراہم کیا۔

معاہدے کے باوجود عالمی توانائی ایجنسی ایران فوجی مراکز کا معائنہ کرنے میں بھی ناکام رہی۔ ایران کو پورے مشرق وسطیٰ میں جوہری صلاحیت کے حصول کے ساتھ میزائل تیار کرنے اور ان کو ایرانی ایجنٹوں تک پہنچنے کا موقع فراہم کیا۔ یہ معاہدہ ایران کو دہشت گردی کی پشت پناہی سے باز رکھنے میں بھی ناکام رہا ہے۔مکتوب کے مطابق نئے معاہدے میں کسی بھی وقت اور کہیں بھی ایرانی تنصیبات کا معائنہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔اس تناظر میں اسرائیلی سکیورٹی حکام نے توجہ دلائی ہے کہ ایرانی حکومت نے اپنے جوہری وعدوں کی بار بار خلاف ورزی کرنے کے ریکارڈ قائم کیے۔ کسی بھی نئے معاہدے میں فوجی تنصیبات سمیت کسی بھی وقت اور کہیں بھی جامع معائنہ کرنا ضروری ہے۔