Nashik hospital tragedy is heart-wrenching, says PM Modi

نئی دہلی: دہلی:صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند ،وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ نے مہاراشٹر کے ناسک کے ایک اسپتال میں آکسیجن لیکیج سانحہ کے باعث اسپتال میںزیر علاج 24 افراد کی موت پر غم کا اظہار کیا ہے۔ پی ایم مودی نے کہا ہے کہ ناسک حادثہ حیران کن اور افسوسناک ہے۔

انہوں نے حادثہ میں ہونے والی اموات پر غم کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔پی ایم مودی نے ٹوئٹ کیا کہ آکسیجن ٹینک میں لیک ہونے کی وجہ سے ناسک اسپتال میں پیش آنے والا حادثہ اندوہناک ہے،مجھے اس حادثہ کے باعث مریضوں کی اموات پر انتہائی دکھ ہے،غم کی اس گھڑی میں متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت پیش کرتا ہوں۔.. امیت شاہ نے اپنے ٹویٹ میں لکھا ، ‘ناسک شہر کے ایک اسپتال میں آکسیجن گیس کے رساو¿کے سبب ایک حادثے کی خبر سن کر میں افسردہ ہوں۔ جن لوگوں نے اس حادثے میں اپنے پیاروں کو کھویا ہے، میں ان لوگوں کے ناقابل تلافی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتا ہوں۔

ادھر مہاراشٹرا کے وزیر اعلی ٰادھوو ٹھاکرے نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے اس واقعے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے فوت شدگان کے اہل خانہ کے لئے 5-5 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس سے قبل مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے کہا تھا کہ کسی دوسرے اسپتال میں اس طرح کا المناک حادثہ پیش نہ آئے ، اسے یقینی بنایا جانا چاہئے،نیز واقعہ کی تفصیلی تحقیقات کی جانی چاہیے۔ بی جے پی کے سربراہ جے پی نڈا نے حادثے پر غم کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا ۔