France will 'never give in to Islamist terrorism,' says President Macron

پیرس:(اے یوایس)فرانس میں جمعہ کی شام ایک مسلح شخص نے چاقو گھونپ کر ایک خاتون پولیس اہلکار کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ دوسری جانب پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے حملہ آور بھی ہلاک ہوگیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق حملہ آور رامبویہ پولیس سینٹر میں داخل ہوا اور ایک خاتون اہلکار پر چاقو کے وار کرکے اسے شدید زخمی کردیا۔

بعد ازاں خاتون پولیس اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔پولیس اہلکاروں نے چاقو سے مسلح حملہ آور کو گولی مار کرہلاک کردیا۔ ملزم کی شناخت ایک تیونسی باشندے کے طورپر کی گئی ہے جس کی عمر 36 سال ہے تاہم اس کی مزید تفصیل سامنے نہیں آئی۔ پولیس نے اس واقعے کی انکوائری شروع کردی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم قانونی طور پر فرانس میں مقیم تھا۔

پولیس اہلکار کے قتل کے واقعے کے بعد فرانسیسی صدر عمانویل میکروں نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس طرح کے واقعات پیرس کی دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ متاثر نہیں ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ فرانس دہشت گردوں کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکے گا۔ادھر فرانسیسی وزیر داخلہ جیرالڈ ڈارمانان نے کہا ہے کہ پیرس کے قریب ایک پولیس سینٹر میں حملہ آور نے گھس کر ایک خاتون پولیس اہلکار کو چاقو گھونپ دیا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئی اور بعد ازاں اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔