King Salman heads Saudi Arabia's delegation at the virtual Leaders Summit on Climate

ریاض:(اے یو ایس)سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے زیر قیادت اعلیٰ سطح کا وفد امریکا کی میزبانی میں عالمی لیڈروں کی دوروزہ ورچوئل عالمی کانفرنس میں شریک ہے۔امریکی صدر جوبائیڈن کی میزبانی میں اس کانفرنس میں دنیا کے چالیس سربراہان مملکت اور ریاست شرکت کررہے ہیں۔“سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق ”شاہ سلمان کی اس کانفرنس میں بہ نفس نفیس شرکت مملکت کے عالمی ، مقامی اور علاقائی سطح پر موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے بنیادی قائدانہ کردار کی توثیق کی مظہرہے۔یہ اس شعبہ میں مملکت کی کاوشوں کی بھی توسیع ہے۔ان میں سے ایک اہم کاوش کا سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی سبز اقدام اور مشرقِ اوسط سبز اقدام کے فریم ورک کے تحت اعلان کیا ہے۔“سعودی ولی عہد نے گذشتہ ماہ مملکت کے علاوہ مشرقِ اوسط بھر میں قدرتی ماحول کے تحفظ کے لیے ان دونوں اقدامات کا اعلان کیا تھا۔

انھوں نے اس موقع پرکہا تھا کہ”دنیا میں تیل کے سب سے بڑے پیداکنندہ ملک کی حیثیت سے ہم موسمیاتی بحران کے خلاف جنگ میں اپنی ذمے داریوں سے مکمل طور پرآگاہ ہیں۔تیل اور گیس کے دور میں ہم نے توانائی کی مارکیٹوں کے استحکام میں بنیادی کردارادا کیا ہے۔ہم آیندہ گرین دور میں بھی اپنا قائدانہ کردارادا کرتے رہیں گے۔“ان کا کہنا تھا کہ”سعودی عرب اور خطے کو بہت سے ماحولیاتی چیلنجز کا سامنا ہے۔ان میں بنجرپن خطے کو درپیش سب سے بڑا چیلنج ہے۔گرین ہاو¿س گیسوں کے اخراج کے سبب ہوا کی آلودگی کے نتیجے میں شہریوں کی زندگی میں اوسطاً ڈیڑھ سال کمی واقع ہوئی ہے۔“شہزادہ محمد بن سلمان کے اعلان کردہ سعودی سبزاقدام کے تحت ہریالی کو بڑھانے ،کاربن کے اخراج میں کمی ،آلودگی کے مسئلہ سے نمٹنے،اراضی کو بنجرپن کا شکار ہونے سے بچانے اور آبی حیات کے تحفظ کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔