Delhi govt to provide COVID-19 vaccines for free, 1.34 cr orders placed: Kejriwal

نئی دہلی :(اے یو ایس)وزیر اعلی اروند کیجریوال نے اعلان کیا ہے کہ 18 سال سے زیادہ عمر کے تمام افراد کو کورونا وائرس کا ٹیکہ مفت میں لگایا جائے گا۔ملک کی راجدھانی دہلی میں مسلسل بڑھ رہے کورونا وائرس کے درمیان کیجریوال حکومت نے ایک بڑا فیصلہ لیا ہے۔ وزیر اعلی اروند کیجریوال نے پیر کو اعلان کیا کہ 18 سال سے زیادہ عمر کے تمام افراد کو کورونا وائرس ویکسین کا ٹیکہ مفت میں لگایا جائے گا۔ اس کے لئے 1.34 کروڑ ٹیکوں کی خریداری کی تجویز کو منظوری دے دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم کوشش کریں گے کہ جلد ازجلد خریداری کی جائے اور لوگوں کو جلد سے جلد کورونا ویکسین لگائی جائے۔ بتادیں کہ یکم مئی سے کورونا ٹیکے لگانے کی مہم چلائی جائے گی جس میں 18 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کو کورونا ویکسین لگائی جائے گی۔سی ایم کیجریوال نے مزید کہا ، ‘میں ویکسین بنانے والوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ویکسین کی قیمت 150 روپے / ڈوز تک رکھیں۔ پوری زندگی منافع کمانے کے لئے باقی ہے۔

فی الحال یہ وقت (بڑھتی ہوئی وبا) منافع کمانے کا نہیں ہے۔ اسی کے ساتھ میں مرکزی حکومت سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ اگر ضرورت ہو تو ویکسین کی قیمتیں بھی طے کی جائے۔وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا ، ‘ہم لوگوں نے دیکھا ہے کہ 18 سال سے کم عمر کے بچے بھی کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ ایسے وقت میں ان کے بارے میں بھی سوچا جائے۔ اگر یہ ویکسن 18 سال سے کم عمر بچوں کے لئے محفوظ ہے تو پھر انہیں بھی ویکسین کی خوراک دی جانی چاہئے۔ اگر یہ ویکسین اس عمر گروپ کے لئے محفوظ نہیں ہے تو پھر بچوں کے لئے مناسب ٹیکے بھی بنانے چاہئیں۔