Election Commission officers should be booked for murder: Madras HC slams ECI

چنئی: ملک بھر میں جاری کورونا کے قہر کے درمیان مدراس ہائی کورٹ میں ایک سماعت کے دوران ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن ہی کورونا کی دوسری لہر کے لئے ذمہ دار ہے، کیونکہ اس نے کورونا کے بڑھتے بحران کے دوران بھی انتخابی جلسوں اور ریلیوں کو نہیں روکا۔عدالت نے الیکشن کمیشن سے کہا ہے کہ جب انتخابی ریلی ہو رہی تھی تو آپ کسی اور سیارے پر تھے؟ عدالت نے کہا ہے کہ کوویڈ19-کی دوسری لہر کے لئے آپ کا ادارہ ذمہ دار ہے۔

ہائی کورٹ نے متنبہ کیا ہے کہ اگر الیکشن کمیشن کوویڈ19-پروٹوکول پر عمل پیرا ہونے کو یقینی بنانے کے لئے مناسب منصوبہ بندی نہیں کرتا ہے تو 2مئی کو ووٹوں کی گنتی بند کردی جائے گی۔عدالت نے الیکشن کمیشن کو ہدایت دی ہے کہ وہ ہیلتھ سکریٹری کے ساتھ مل کر گنتی کے دن کے لئے لائحہ عمل مرتب کریں اور 30 اپریل تک عدالت کے سامنے پیش کریں , آج تک پر شائع خبر کے مطابق مدراس ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ایس بنرجی نے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر کے لئے الیکشن کمیشن ہی ذمہ دار ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کےافسران پر اگر قتل کا چارج لگایا جائے تو غلط نہیں ہوگا۔الیکشن کمیشن نے جواب میں کہا کہ کمیشن نے کووڈ گائڈ لائنس پر عمل کرایا اور ووٹنگ کے دن تمام ضابطوں پر عمل کیا گیا۔