نئی دہلی :(اے یوایس) ہندوستان میں کورونا وائرس کے معاملات میں حالیہ غیر معمولی اضافہ کے دوران سعودی عرب نے 80 میٹرک ٹن مائع آکسیجن ہندوستان کیلئے بھیجی ہے۔ ہندوستان کیلئے آکسیجن کی فوری فراہمی کی کھیپ اڈانی گروپ اور لائنڈ کمپنی کے ساتھ ہم آہنگی کے تحت کی جا رہی ہے۔ ریاض میں واقع ہندوستانی سفارتخانہ نے اپنے ایک ٹویٹ میں سعودی عرب کی وزارت صحت کا اس موقع پر مدد ، حمایت اور تعاون پر دلی طور پرشکریہ ادا کیا ہے۔
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں واقع ہندوستان سفارتخانہ کی جانب سے اڈانی گروپ اور میسرز لائنڈ کے تعاون سے 80 ٹن مائع آکسیجن گیس بھیجے جانے پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔ملک میں کورونا کا قہر بدستور جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 3.49 لاکھ نئے معاملات سامنے آئے ہیں۔ حالانکہ یہ اس راحت کی بات یہ ہے کہ لگاتار دوسرے دن بھی دو لاکھ سے زیادہ مریضوں نے وبا کو شکست دی ہے اس دوران ہفتے کے روز 25 لاکھ 36 ہزار 612 افراد کو کورونا کے ٹیکے لگائے گئے اور اب تک 14 کروڑ 9 لاکھ 16 ہزار 417 افراد کی ٹیکہ کاری کی جاچکے ہے۔
اتوار کی صبح مرکزی وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 349691 نئے کیسز کی آمد کے ساتھ ، متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر ایک کروڑ 69 لاکھ 60 ہزار 172 ہوگئی ہے۔ اس دوران 217113 مریض صحت مند بھی ہوئے ہیں۔ اس سے قبل ہفتے کے روز ریکارڈ 219838 متاثرہ افراد کو مختلف اسپتالوں سے علاج کے بعد چھٹی دے دی گئی تھی۔ ملک میں اب تک ایک کروڑ 40 لاکھ 85 ہزار 110 افراد نے کورونا کو شکست دی ہے۔وہیں فعال معاملات میں مسلسل اضافے کی وجہ سے ، ان کی تعداد بڑھ کر 2682751 ہوگئی ہے ، جبکہ مزید 2767 مریضوں کی موت کے ساتھ اس بیماری سے ہلاکتوں کی تعداد 192311 ہوگئی ہے۔
