حیدرآباد:(اے یوایس)وزیراعلیٰ چندر شیکھر راو¿ کی ہدایت پر چیف سکریٹری سومیش کمار نے کورونا کی صورتحال اور مریضوں کیلئے علاج کی سہولتوں کے بارے میں ضلع کلکٹرس ، ایڈیشنل کلکٹرس، ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفیسرس، ڈسٹرکٹ اور ایریا ہاسپٹلس کے سپرنٹنڈنٹس کے علاوہ دیگر عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس منعقد کی۔ چیف سکریٹری نے مریضوں کے علاج میں کوئی کوتاہی نہ کرنے کی ہدایت اور کہا کہ حکومت کی جانب سے علاج کیلئے فراہم کردہ تمام سہولتوں اور انفراسٹرکچر کا استعمال کیا جائے تاکہ کورونا پر قابو پانے میں مدد ملے۔
چیف سکریٹری نے کورونا سے نمٹنے کیلئے تمام متعلقہ محکمہ جات میں بہتر تال میل کی ضرورت ظاہر کی۔ انہوں نے محکمہ صحت کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ہر دواخانہ کا دورہ کرتے ہوئے مریضوں کی حالت کے اعتبار سے بہتر علاج کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ کورونا کیئر سنٹرس کا بہتر استعمال کیا جائے اور وہاں ہلکی علامتوں والے مریضوں کا علاج کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دواخانہ پہنچنے والے کسی بھی مریض کو علاج سے محروم نہ رکھا جائے۔ چیف سکریٹری نے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ ہر مستحق مریض کے بروقت اور بہتر علاج کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے ضلع کلکٹرس سے کہا کہ وہ روزانہ ڈسٹرکٹ میڈیکل آفیسرس اور دواخانوں کے سپرنٹنڈنٹس کے ساتھ مختصر ٹیلی کانفرنس کرکے صورتحال کا جائزہ لیں۔ ضلع کلکٹرس کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ عارضی طور پر دیگر محکمہ جات کے ملازمین کی خدمات حاصل کریں اور عارضی بنیادوں پر تقررات عمل میں لائیں۔ چیف سکریٹری نے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ تمام دواخانوں میں آکسیجن کی موجودگی کو یقینی بنائیں اور آکسیجن کے استعمال میں احتیاط ملحوظ رکھیں اور ایک یونٹ آکسیجن کو بھی ضائع ہونے نہ دیں۔ آکسیجن کے غیر ضروری استعمال سے بچا جائے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کی موجودہ صورتحال آکسیجن کے موثر استعمال کے ذریعہ قابو میں کی جاسکتی ہے۔ چیف سکریٹری نے دواخانوں میں ضرورت پڑنے پر موجودہ وارڈز کو کوویڈ وارڈز میں تبدیل کرنے اور آکسیجن اور آئی سی یو بستروں کے انتظام کی ہدایت دی۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ حکومت نے دواخانوں میں آکسیجن سے مربوط 12000 بستروں کا انتظام کرنے کیلئے 20 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں۔ ضلع کلکٹرس سے یہ کام جنگی خطوط پر مکمل کرنے کی خواہش کی گئی۔ ویڈیو کانفرنس میں سکریٹری ہیلت سید علی مرتضی رضوی، سکریٹری پنچایت راج سندیپ کمار سلطانیہ، سکریٹری ایس سی ڈیولپمنٹ راہول بوجا، کمشنر اسٹامپس اینڈ رجسٹریشن وی شیشادری، اسپیشل سکریٹری فینانس رونالڈ راس، کمشنر پنچایت راج رگھونندن راو¿، کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار، ڈائرکٹر اکسائیز سرفراز احمد، ڈائرکٹر پبلک ہیلت سرینواس راو¿، ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر رمیش ریڈی، ڈائرکٹر ڈرگ کنٹرول ڈاکٹر پریتی مینا اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔
