اسلام آباد:(اے یو ایس)پاکستان میں وزارتِ داخلہ نے عید کی آٹھ سے 16 مئی تک کی تعطیلات میں سیاحت پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔وزارتِ داخلہ کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق عید کی تعطیلات میں بین الصوبائی اور انٹر سٹی ٹرانسپورٹ بھی معطل ہو گی۔وزارتِ داخلہ نے کہا ہے کہ این سی او سی کے اجلاس کے فیصلوں کی روشنی میں اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔
وزارتِ داخلہ کے مطابق عید کی چھٹیوں میں تفریحی علاقوں کی طرف جانے والی شاہراہیں بند ہوں گی۔ جب کہ تعطیلات میں شاپنگ مال، ہوٹل، پارک اور دیگر عوامی مراکز بھی بند رہیں گے۔وزارتِ داخلہ کے مطابق عید، شبِ قدر اور اعتکاف میں ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ مری، سوات، گلیات،کالام، ساحلِ سمندر کی جانب جانے والی شاہراہیں بند کر دی جائیں گی۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گلگت بلتستان کے مقامی افراد کو واپسی کی اجازت ہو گی۔
