Pakistan: People over 50 year old can visit their nearest vaccination centre: says Dr Faisal Sultan

اسلام آباد:(اے یوایس)وزیرِ اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ آج سے 50 سال سے زائد عمر کے افراد اپنے قریبی کسی بھی ویکسی نیشن سینٹر جا کر ویکسین لگوا سکتے ہیں۔فیصل سلطان نے 50 سال سے زائد عمر کے افراد کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ویکسین لگوانے کے لیے شناختی کارڈ اور فون ضرور لے کر جائیں۔

کورونا ویکسین کے ہی حوالے سے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ پہلی مرتبہ منگل کو ملک بھر میں ایک لاکھ سے زیادہ ویکسین لگائی گئی ہیں۔ ان کے بقول گزشتہ روز ایک لاکھ 17 ہزار 852 افراد کو ویکسین دی گئی ہے۔اسد عمر کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر اب تک 21 لاکھ افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔انہوں نے ایک مرتبہ پھر عوام سے اپیل کی کہ 40 برس یا اس سے زائد عمر کے افراد کو رجسٹرڈ کرانے کی حوصلہ افزائی کی جائے۔

دریں اثنا وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ اگر کرونا کی صورتِ حال میں بہتری نہ آئی تو ملک میں مزید سخت اقدامات کرنا ہوں گے جس کی تیاری کی جا رہی ہے۔فواد چوہدری کے مطابق ہندستانمیں کرونا کی بگڑتی صورتِ حال کے پیشِ نظر پڑوسی ملک کے ساتھ آمد و رفت پر مکمل پابندی عائد ہے جس پر مکمل عمل درآمد ہو رہا ہے۔