Quran is the Kingdom of Saudi Arabia's constitution: says Crown Prince MBS

ریاض:(اے یوایس )سعودی عرب کے ولی عہد عزت مآب شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ مملکت کا آئین ہمیشہ کے لیے قرآن ہے۔ قرآن کریم سے اجتہاد اور فکری رہ نمائی کا حصول جاری رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب شخصی اور سماجی شعبوں میں قرآن پاک کی واضح تعلیمات پر سختی کےساتھ عمل پیرا ہے۔

سعودی عرب کی ترقی اور وسیع تراصلاحات کے پروگرام’وڑن2030′ کے پانچ سال پورے ہونے پر ایک انٹرویو میں شہزادہ محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کا دستور کل بھی قرآن کریم تھا اورہمیشہ قرآن کریم ہی ہمارا دستور ہوگا۔ ہم اسلام کے اعتدال پسندانہ نہج اور فکر پر عمل پیرا ہیں۔ انتہا پسندی کی بیخ کنی سے دنیاوی مفادات کے حصول میں مدد ملے گی۔

شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ دنیا کے دوسرے ممالک کی طرح سعودی عرب بھی دہشت گردی اور انتہا پسندی کا نشانہ رہا ہے۔ اس فکری انتہا پسندی کے نتیجے میں مملکت کی ترقی کا سفرمتاثر ہوا۔ جو شخص بھی دہشت گردانہ نظریات پرچلے گا وہ مجرم ہوگا اور اس کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔ان کا کہنا تھا کہ دینی فتاویٰ زمان ومکان کے بدلنے سے بدل جاتے ہیں۔ کسی شخص کو سزا صرف قرآن کی کسی واضح نص کے مطابق ہی دی جائے گی۔