صنعا: (اے یو ایس )یمن کے صوبے مارب کے مغرب میں الکسارہ اور المشجح کے محاذوں پر سرکاری فوج اور ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کے درمیان گھمسان کی لڑائی جاری ہے۔ اس دوران میں سرکاری فوج کو عوامی مزاحمت کاروں اور عرب اتحاد کے طیاروں کی معاونت حاصل ہے۔یمنی مسلح افواج کے میڈیا سینٹر کے مطابق اتوار کے روز الکسارہ کے محاذ پر سرکاری فوج نے گھات لگا کر حوثی ملیشیا کے 7 ارکان کو موت کی نیند سلا دیا۔
مزید یہ کہ حوثیوں کی ایک عسکری گاڑی بھی تباہ کر دی گئی جس پر فائرنگ گن نصب تھی۔ اسی طرح عرب اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے مذکورہ محاذ کے نزدیک حوثی باغیوں کی تین عسکری گاڑی تباہ کر دیں جس میں ان میں سوار تمام افراد مارے گئے۔ادھر المشجح کے محاذ پر یمنی فوج کی توپوں اور عرب اتحاد کے طیاروں نے حوثی ملیشیا کے ٹھکانوں اور عسکری کمک کو نشانہ گولہ باری اور بم باری کا نشانہ بنایا۔ اس کے نتیجے میں باغی ملیشیا کو بھاری جانی و مادی نقصان اٹھانا پڑا۔
یمنی مسلح فوج کے میڈیا سینٹر نے الکسارہ کے محاذ پر یمنی فوج کی توپوں سے گولہ باری اور اتحادی طیاروں کی فضائی بم باری کے مناظر کی ویڈیو جاری کی ہے۔ اسی طرح مذکورہ محاذ پر یمنی فوج کی جانب سے حوثی ملیشیا کے ٹھکانوں پر دھاوا بولنے کے مناظر بھی نشر کیے گئے ہیں۔ ان مناظر میں حوثی ملیشیا کے ارکان کو محاذ پر اپنے ٹھکانوں سے فرار ہوتا دیکھا جا سکتا ہے۔اس سے قبل یمنی فوج نے ہفتے کے روز الکسارہ کے محاذ پر حوثی ملیشیا کو شدید حملوں کا نشانہ بنایا تھا۔ اس کارروائی میں یمنی فوج کی فائرنگ سے 18 حوثی جنگجو ہلاک ہو گئے۔مارب کے مغرب میں صراوح کے محاذ پر یمنی فوج نے حوثی ملیشیا کا ایک جاسوس ڈرون طیارہ مار گرایا۔
