کولکاتا: مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے نتائج کے اعلان کو ابھی 24گھنٹے بھی نہیں گذرے تھے کہ وہاں بعد از انتخابی نتائج تشدد کی متعدد وارداتوں میں کم از کم 12افراد ہلاک ہو گئے۔وزیر اعظم نریندر مودی نے ریاست میں بعد از انتخابات تشدد برپا ہونے پر اظہار تشویش کیا اور ریاست کے گورنر جگدیپ دھنکر کو فون کر کے ان سے ریاست میں سیاسی تشدد اور امنو قانون کی بگڑتی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔اسی دوران بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا اور ریاستی صدر دلیپ گھوش نے اس پارٹی کارکن سے ملاقات کی جس کے گھر پر حملہ کیا گیا تھا۔
سیاسی تشدد کے سائے میں تخت نشینی کے حوالے سے موصول سرکاری اطلاع کے مطابق ترنمول کانگریس کی صدر ممتا بنرجی 5 مئی کو ریاست کی وزیر اعلی کے عہدے کا حلف لیں گی۔ انہیں کل قانون ساز پارٹی کا لیڈرمنتخب کیاگیاہے۔ نومنتخب ایم ایل اے 6 مئی کو حلف لیں گے۔ ٹی ایم سی لیڈر اور وزیر پرتھا چٹرجی نے یہ معلومات دی ہیں۔ بتادیں کہ ترنمول کانگریس نے مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں شاندار کامیابی کا مظاہرہ کرکے تاریخ رقم کردی ہے اور مسلسل تیسری بار ریاست کی باگ ڈور برقرار رکھی ہے۔
ٹی ایم سی نے اسمبلی کی 292 سیٹوں میں سے 213 پر کامیابی حاصل کی ہے۔ ساتھ ہی اس اسمبلی انتخابات میں اپنی پوری طاقت جھونک دینے والی بی جے پی نے 77 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔ ساتھ ہی نیشنل سیکولرکے نشان پرلڑنے والے آئی ایس ایف کو ایک نشست ملی ہے اورایک آزاد امیدوار بھی الیکشن جیتنے میں کامیاب رہا ہے۔ کانگریس اور بائیں بازو کھاتہ بھی کھولنے میں ناکام رہے۔اور آزادی ہند کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ کانگریس اور بایاں محاذ کی اسمبلی میں نمائندگی نہیں ہے۔
