Covid-19: 35 More die In J&K

سرینگر: (اے یو ایس)جموں کشمیر میں مزید35افراد کورونا وائرس کی وجہ سے جاں بحق ہوگئے۔حکام نے پیر کو بتایا کہ مہلوکین میں ایک25اور دوسرا35سالہ شہری بھی شامل ہیں۔نیوز ایجنسی جی این ایس کے مطابق 24تازہ اموات جموں صوبے میں واقع ہوئیں جبکہ11افراد وادی کشمیر میں انتقال کرگئے۔وادی کشمیر میں کورونا ہلاکتوں کی مجموعی تعداد2405تک پہنچ گئی ہے۔صرف یکم اپریل سے کورونا وائرس کی وجہ سے چار سو سے زیادہ افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

حکام کے مطابق آج کورونا سے مرنے والوں میں کیلم کولگام کی ایک77سال خاتون شامل ہے جس کو گذشتہ روز ضلع اسپتال کولگام میں داخل کرایا گیا تھا۔اسی طرح ہمدانیہ کالونی بمنہ سرینگر کی ایک58سالہ خاتون صدر اسپتال میں دم توڑ بیٹھی۔صنعت نگر سرینگر کا 55سالہ شہری بھی آج مرنے والوں میں شامل ہے۔ وہ جے وی سی میں انتقال کرگیا۔راولپورہ کا ایک80سالہ شہری صدر اسپتال پہنچانے پر مردہ قرار پایا۔بعد ازاں مذکورہ شہری کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔صفاکدل کا رہنے والا ایک55سالہ شہری سکمز میں انتقال کرگیا۔

حضرت بل سرینگر کی 72سالہ خاتون بھی مرنے والوں میں شامل ہے۔مومن آباد بتہ مالو کا ایک35سالہ شہری صدر اسپتال میں انتقال کرگیا۔وہ تین روز سے زیر علاج تھا۔صفا پورہ گاندربل کا 78سالہ شہری بھی سکمز میں انتقال کرنے والوں میں شامل ہے۔اسی طرح ایک55سالہ شہری جو کرن نگر سرینگر کا ناشندہ تھا، جی ایم سی سرینگر میں انتقال کرگیا۔نٹی پورہ کا ایک25سالہ نوجوان اپنے ہی گھر میں ہی انتقال کرگیا۔اولڈ ٹاون بارہمولہ کا ایک65سالہ شہری ایس ڈی ایچ سوپور میں جاں بحق ہوگیا۔