لکھنؤ:اترپردیش کے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے اتوار کے روز اعلان کیا کہ اتر پردیش اسٹیٹ روڈ ویز ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بسیں اگلے 15 دن تک صرف ریاست کے اندر ہی چلیں گی۔ جبکہ یوپی کا فضائی سفر کرنے والوں کے لئے کورونا کی منفی رپورٹ لازمی کردی گئی ہے۔
ایک اعلیٰ سطحی ورچوئیل اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ پنچایت انتخابات ختم ہونے کے بعد دیہی علاقوں میں ریاست گیر مہم چلائی جائے، تاکہ کوویڈ۔19 سے متاثرہ لوگوں کی اسکریننگ کی جاسکے۔ یوپی حکومت نے یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ یہ مہم پانچ دن تک جاری رہے گی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ مشتبہ علامات کے شکار افراد کو تیزی سے اینٹیجن ٹیسٹ کرواناچاہئے۔ پنچایت بھون یا اسکولوں یا کسی اور عوامی عمارت میں قرنطینہ مراکز قائم کیے جائیں۔
اسکریننگ کے دوران اعلی خطرہ والے افراد پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت بھی جاری کی گئیں۔طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ سخت قومی لاک ڈاو¿ن ملک میں جاری کورونا وائرس کی تباہ کن دوسری لہر کا سلسلہ توڑنے کا واحد راستہ ہے۔ اسی ضمن میں ملک کے سیاسی لیڈران کورونا وائرس کی منتقلی کو روکنے کا واحد راستہ ”قومی لاک ڈاو¿ن“ ہی بتارہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کوویڈ۔19 ٹاسک فورس ملک گیر سطح پر لاک ڈاو¿ن کے لئے سخت زور دے رہی ہے۔ یہ ٹاسک فورس ماہرین پر مشتمل ہے۔ جو کہ مرکزی حکومت کو وقتا فوقتا مشورے دیتی آرہی ہے۔
ہندوستان میں کورونا وائرس (کوویڈ۔19) کے کیسوں میں بھیانک انداز میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ وہیں کورونا سے متاثر ہو کر مرنے والوں کی تعداد میں بھی لگا تار اضافہ ہی ہوتا جارہا ہے۔کوویڈ۔19 کام کرنے والے ٹاسک فورس کے اراکین دو ہفتوں تک جاری رہنے والے قومی لاک ڈاو¿ن کی تجویز کر رہے ہیں۔ ہفتہ کے روز ہندوستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں غیر معمولی 4.01 لاکھ کووڈ۔19 کے کیسوں اور 3523 اموات کی اطلاع ملی ہے۔
