ریاض: (اے یو ایس )جدہ کے علاقے ”الشام لین“ میں واقع ”بیت ذاکر“ نامی تاریخی عمارت جزوی طور پر منہدم ہو گئی، تاہم اس حادثے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ بیت ذاکر کا شمار یونیسکو کے عالمی ورثوں کی فہرست میں ہوتا تھا۔وزارت ثقافت کے تاریخی جدہ ڈیولپمنٹ پروگرام نے بتایا کہ الشام لین جدہ کے بیت ذاکر کمپلیکس کا شمار خستہ حال گرنے والی عمارتوں میں ہوتا تھا۔
بیت ذاکر کے جزوی انہدام کے فوری بعد شہری دفاع کے عملے میں امدادی کارروائی کی خاطر علاقے میں ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنا شروع کر دیںتاریخی عمارت گرنے سے کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی کیونکہ عمارت کی خستہ حالی دیکھتے ہوئے اردگرد کے رہائشی مکانات کو کئی ماہ قبل خالی کرا لیا گیا تھا۔
متعلقہ اداروں کے تعاون سے خستہ حال بیت ذاکر کی مانیٹرنگ کی جا رہی تھی۔جدہ کے تاریخی ڈیولپمنٹ پروگرام نے بتایا کہ شہر کی تاریخی عمارتوں کی مروجہ معیارات کے مطابق دیکھ بھال کی جاتی ہے۔ انہیں شہری سہولیات سے آراستہ کرنے کے لئے ترقیاتی پروگرام وقتا فوقتا کیے جاتے رہتے ہیں تاکہ ان عمارتوں کی اقتصادی، معاشرتی، ثقافتی، تاریخی اور ماحولیاتی شناخت برقرار رکھی جا سکے۔
