تہران: (اے یو ایس )ایران میں قائم سوئس سفارت خانے کی ایک سےنئر خاتون سفارت کار تہران میں ایک بلند عمارت سے گر کر ہلاک ہوگئی تھیں۔مقامی میڈیا نے تہران میں سفارت کارہ کی وفات کے بارے میں کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی۔ ہلاک ہونے والی سفارت کار تہران میں واشنگٹن کے مفادات کی نگران تھی۔ یہ حادثہ تہران میںکامرانیہ کے مقام پر پیش آیا۔ ایران میں ایمرجنسی امور کے ترجمان مجتیٰ خالدی نے بتایا کہ کامرانیہ کے مقام پر ایک بلند عمارت کی چھت سے ایک 50 سالہ شخص گر گیا۔
بد قسمتی سے اس کی جان نہیں بچائی جاسکی۔انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ایمرجنسی سروسز سے ابتدائی رابطے میں یہ کہا گیا تھا کہ متاثرہ شخص ایک مرد تھا لیکن تفتیش کے بعد پتہ چلا کہ وہ ایک عورت ہے اور یہ کہ وہ سوئس سفارتخانے کی فرسٹ سکریٹری ہے۔تاہم عہدیدار نے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ ترجمان نے کہا کہ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ حادثے کی وجوہات کیا ہیں۔ آیا اس عورت نے خودکشی کی ہے یا غلطی سے گر گئی ہے۔
خالدی کا کہنا تھا کہ سوئس سفارت کارہ کی موت کو کافی دیر گذر چکی ہے۔قابل ذکر ہے کہ سوئٹزرلینڈ ایران میں امریکا کے سفارتی مفادات کی نمائندگی کرتا ہے۔ 1979 میں ایران میں اسلامی انقلاب کے فورا بعد واشنگٹن اور تہران کےسفارتی تعلقات منقطع ہوگئے تھے۔ اس کے بعد دونوںملکوں کے درمیان سفارتی مفادات کی نمائندگی کی ذمہ داری سوئٹرزلینڈ کے پاس ہے۔
