Covid-19: Lockdown in Uttar Pradesh extended till May 10

لکھنو: (اے یوایس ) کورونا انفیکشن کے بڑھتے قہر پر قابو پانے کیلئے ایک مرتبہ پھر ویک اینڈ کورونا کرفیو کو 10 مئی یعنی پیر کی صبح سات بجے تک کیلئے بڑھا دیا گیا ہے۔ پہلے تین دن کا ویک اینڈ لاک ڈاون لگایا گیا تھا۔ اس کے بعد پھر دو دن کا بڑھاتے ہوئے چھ مئی صبح سات بجے تک کردیا گیا تھا ، لیکن ایک مرتبہ پھر اس میں توسیع کرتے ہوئے اب اس کو پیر کی صبح سات بجے تک کردیا گیا ہے۔

لہٰذا اپردیش میں اب یہ پورا ہفتہ ہی لاک ڈاون رہے گا۔اس دوران پہلے کی طرح ہی سبھی پابندیاں لاگو رہیں گے۔ ضروری خدمات کو چھوٹ ملتی رہے گی۔ بلاوجہ گھومنے والوں پر سختی برتی جائے گی۔ دراصل پنجایت الیکشن ختم ہونے کے بعد پیدا ہوئے کورونا کے خطرے کو دیکھتے ہوئے سرکار نے یہ قدم اٹھایا ہے۔ جانکاری کے مطابق وزیر اعلی نے کہا کہ لاک ڈاون کا اصل مقصد تبھی کامیاب ہوگا جب کورونا پروٹوکال پور پوری سختی کے ساتھ عمل کیا جائے گا۔

ادھر اترپردیش میں منگل کو گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے کل 25858 نئے معاملات سامنے آئے۔ راجدھانی لکھنو کے لئے راحت کی بات یہ رہی کہ یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صرف 2407 نئے معاملات ہی سامنے آئے جبکہ 5079 مریض شفایاب ہوکر اپنے گھر لوٹے۔محکمہ صحت کے ذریعہ جاری اعداد و شمار کے مطابق پورے اترپردیش میں کل 38 ہزار 683 مریضوں نے کورونا کو مات دی اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں اترپردیش میں 352 مریضوں کی کورونا کی وجہ سے جانیں تلف ہوگئیں۔ ان اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ نوئیڈا ، غازی آباد اور چھوٹے اضلاع میں کورونا وائرس تیزی سے بڑھ رہا ہے۔