تل ابیب :(اے یو ایس )اسرائیلی صدر ریون ریولین کے دفتر کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے صدر کو اس بات سے آگاہ کر دیا کہ وہ حکومت تشکیل نہیں دے سکتے۔حکومت کی تشکیل کے لیے نیتن یاہو کو دی گئی قانونی مہلت آج بدھ کے روز ختم ہو گئی۔ ملک کو سیاسی بحران سے باہر نکالنے کے لیے ایوان صدر کو اب کسی اور شخصیت کا چناؤ کرنا ہو گا یا پھر نیتن یاہو کو ہی دو ہفتوں کی اضافی مہلت دی جائے گی۔
رواں سال 23 مارچ کو منعقد ہونے والے انتخابات کے بعد اسرائیلی وزیر اعظم کو حکومت تشکیل دینے کے لیے 28 روز کی مہلت دی گئی تھی۔ دو سال کے اندر یہ اسرائیل میں چوتھے غیر فیصلہ کن انتخابات تھے۔نیتن یاہو کی قیادت میں لیکوڈ پارٹی نے 120 نشستوں کی پارلیمنٹ میں سب سے زیادہ نشستیں حاصل کیں۔ تاہم نتائج سے واضح ہو گیا کہ پارلیمنٹ میں 61 نشستوں کی اکثریت کو یقینی بنانا آسان کام نہیں۔
