نئی دہلی: کانگریس کی عبوری صدر سونیا گاندھی نے ملک میں کورونا کے بڑھتے ہوئے معاملات اور وبائی امراض کے طبی نظام پر مودی حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ بگڑی ہوئی صورتحال کے لئے سونیا نے مرکزی حکومت سے متعدد سوالات اٹھائے ہیں۔ اسی کے ساتھ ہی انہوں نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کل جماعتی اجلاس بلائے۔ انہوں نے قائمہ کمیٹی سے بھی درخواست کی کہ وہ کورونا میں بگڑتی ہوئی صورتحال پر نگاہ رکھیں۔
سونیا گاندھی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ کانگریس راجیہ سبھا اور لوک سبھا ممبران پارلیمنٹ کے ساتھ ورچوئل میٹنگ کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا کی وجہ سے حالات بدتر ہوتے جارہے ہیں۔ اس پر قابو پانے کے لئے حکومت کو ٹھوس حکمت عملی اپنانی چاہئے۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ نظام نہیں مودی حکومت ناکام ثابت ہوئی ہے۔دریں اثنا کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے جمعہ کے روز وزیر اعظم نریندر مودی سے اپیل کی ہے کہ کورونا وائرس کی تمام اقسام کی سائنسی طریقہ کے معلومات کرنے کے ساتھ ہی پوری دنیا کو اس سے واقف کرایا جائے اور تمام ہندوستانی شہریوں کو جلد کورونا ٹیکہ لگایا جائے۔
انہوں نے وزیر اعظم مودی کو ایک خط بھی لکھا جس میں یہ الزام لگایا گیا ہے کہ حکومت کی ’ناکامی‘ کی وجہ سے ملک ایک بار پھر قومی سطح پر لاک ڈاو¿ن کے دہانے پر کھڑا ہوگیا ہے ایسی صورت میں غریبوں کو فوری طور پر مالی امداد دی جانی چاہئے تاکہ انہیں گزشتہ سال کی طرح ہی تکلیفوں کا سامنا نہ کرنا پڑا۔ خط میں راہل گاندھی نے کہاکہ میں ایک بار پھر آپ کو خط لکھنے پر مجبور ہوں کیونکہ ہمارا ملک کورونا سونامی کی گرفت میں ہے۔ ایسے غیر متوقع بحران میں ہندوستان کی عوام آپ کی اولین ترجیح ہونی چاہئے۔ میری آپ سے گزارش ہے کہ اس ملک کے عوام کو اس تکلیف سے بچانے کے لئے جو بھی ممکن ہو وہ کریں۔
