نئی دہلی: جمیعت علما ہند کے صدرمولانا ارشدمدنی نے مظلوم فلسطینیوں پر،مسجد اقصی میں ہوئے حالیہ اسرائیل حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت اوراسے ظلم وبربریت کی انتہاقراردیتے ہوئے ان حملوں کو انسانیت پر ایک سنگین حملے سے تعبیر کیا۔انہوں نے یہ بات یہاں جاری ایک بیا ن کہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سچ یہ ہے کہ عالمی برادری اور خاص طورپر مسلم ممالک کی خاموشی سے شہہ پاکر اسرائیل اب نہتے اورلاچار فلسطینی عوام سے ان کے جینے کا حق چھین لینے کی مذموم کوشش کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا اس تاریخی سچائی سے انکارکرنے کی جرات نہیں کرسکتی کہ اسرائیل ایک غاصب ملک ہے جس نے فلسطین کی سرزمین پر بعض عالمی طاقتوں کی پشت پناہی سے جبراقبضہ کررکھا ہے اوراب وہ اسی خاموشی کے نتیجہ میں اس سرزمین سے فلسطینی عوام کے وجودکو ختم کردینے کے درپے ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپنے قبضہ کے بعد سے ہی اسرائیل فلسطینی عوام کو مسلسل ظلم وجبرکا نشانہ بنائے ہوئے ہے اس دوران مصالحت اور مفاہمت کی لاتعدادکوششیں ہوئیں لیکن سب کا سب بے سودرہیں، بعض طاقتورملکوں کی درپردہ حمایت کے نتیجہ میں اسرائیل فسلطین کے تعلق سے اقوام متحدہ سے وقت وقت پر منظورہوئی قراردادوں کو بھی اپنے پیروں تلے روندتارہا ہے۔
